حیدرآباد 10جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن نے کوکٹ پلی میں ملاوٹ شدہ شراب سے ہلاکتوں و متاثر ہونے کے واقعہ میں حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن صدرنشین جسٹس شمیم اختر نے پرنسپل سکریٹری ریونیو پروہبیشن اینڈ اکسائز کو ہدایت دی ہے کہ 20 اگست صبح 11 بجے تک تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ کمیشن نے واقعہ میں ہلاکتوں اور متاثرین کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ واقعہ کے سلسلہ میں مختلف اخبارات میں شائع شدہ خبروں کی بنیاد پر کمیشن نے یہ کارروائی کی۔ کمیشن نے حکومت سے جاننا چاہا کہ اس پر کیا کارروائی کی گئی۔ محکمہ جاتی تحقیقات ، گرفتاریوں ، سیندھی کی دکانات کی مہربندی اور قصوروار عہدیداروں کے خلاف تادیبی کارروائی جیسی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ کمیشن نے جاننا چاہا کہ ریاست میں سیندھی کو تاسنے اور اس کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کیا اقدامات کئے گئے۔1