حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس کے لکشمن نے ملا ریڈی انجنیئرنگ کالج کو ہدایت دی ہے کہ طلبہ کے اوریجنل تعلیمی سرٹیفکٹ جاری کریں اور ٹیوشن فیس کی ادائیگی کیلئے اصرار نہ کیا جائے۔ جسٹس لکشمن طلبہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کر رہے تھے جس میں شکایت کی گئی ہے کہ کالج نے ایس ایس سی ، انٹرمیڈیٹ کے میمو کے علاوہ ٹرانسفر سرٹیفکٹ اور بونافائیڈ سرٹیفکٹ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے اور طلبہ سے مکمل فیس کی ادائیگی کی مانگ کی جارہی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کالج کا یہ اقدام غیر قانونی اور دستور کی دفعہ 14 اور 21 کی خلاف ورزی ہے۔ یہ کارروائی یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ، آل انڈیا کونسل فار ٹکنیکل ایجوکیشن اور تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے قواعد کی خلاف ورزی ہے ۔ کسی بھی تعلیمی ادارہ کو طلبہ کے اوریجنل سرٹیفکٹس روکنے کا اختیار نہیں۔ جسٹس کے لکشمن نے کالج انتظامیہ کو ہدایت دی کہ فیس وصول کئے بغیر طلبہ کے اوریجنل سرٹیفکٹ فوری جاری کئے جائیں۔ مقدمہ میں حکومت ، ڈائرکٹر ٹکنیکل ایجوکیشن اور جے این ٹی یو کے رجسٹرار کو فریق بنایا گیا ہے ۔1