ملبورن : آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں لاکھوں افراد ریکارڈ کیسز کے خطرے کے باوجود کورونا وائرس کی وجہ سے عائد دنیا کے طویل ترین لاک ڈاؤن سے نکلنے کے لیے تیار ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پب، ریستوران اور کیفے اپنے دروازے عوام کے لیے کھولنے سے قبل سامان کی دوبارہ سپلائی بحال کرنے کی تیزی میں ہیں۔اگست کے اوائل سے آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر کے رہائشی لاک ڈاؤن میں ہیں۔یہ ان کے شہر میں لگنے والا چھٹا لاک ڈاؤن تھا جو نہایت متعدی ڈیلٹا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے لگایا گیا۔حکام نے وکٹوریہ ریاست، ملبورن جس کا دارالحکومت ہے، میں 16 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ڈبل ڈوز ویکسی نیشن 70 فیصد سے بڑھنے کے بعد لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔وزیراعظم اسکاٹ موریسن سے تصدیق کی کہ ریاست نے یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔ جبکہ ویکسی نیشن 80 اور 90 فیصد پر پہنچنے کے بعد پابندیوں میں مزید نرمی کی جائے گی۔ انہوں نے سیون نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘وکٹوریہ میں سب سے طویل سڑک کا سفر کیا گیا ہے اور یہ طویل سڑک آج رات کھلنا شروع ہو جائے گی۔