ملتے جھلتے انتخابی نشان سے ٹی آر ایس کو نقصان

   

آزاد امیدوار کو 3489 ووٹ ، 1000 سے زائد ووٹوں سے بی جے پی کی کامیابی
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے انتخابی نشان ’ کار ‘ سے ملتے جھلتے دوسرے انتخابی نشان سے ٹی آر ایس کو نقصان پہونچنے کے دعوے کئے جارہے ہیں ۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ کار سے ملتا جھلتا انتخابی نشان ایک آزاد امیدار بی ناگراج کو دیا گیا جس سے دوباک اسمبلی حلقہ کے رائے دہندے الجھن کا شکار ہوگئے ۔ نتیجہ میں اس آزاد امیدوار کو 3489 ووٹ حاصل ہوئے ۔ بی جے پی ۔ ٹی آر ایس اور کانگریس کے بعد سب سے زیادہ ووٹ اسی آزاد امیدوار کو حاصل ہوئے ۔ ضمنی انتخاب میں جملہ 1,64,186 ووٹ ڈالے گئے ۔ جس میں بی جے پی نے 62,772 ٹی آر ایس نے 61,302 اور کانگریس نے 21,819 ووٹ حاصل کئے ۔ کار سے ملتا جھلتا نشان آزاد امیدوار کو الاٹ کرنے سے ٹی آر ایس کو نقصان ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ پوسٹل بیالٹ ووٹ جملہ 1453 ڈالے گئے ۔ جس میں 1381 ووٹ ہی کارکرد تھے ۔ جس میں ٹی آر ایس کو 720 ، بی جے پی کو 368 اور کانگریس پارٹی کو 142 ووٹ حاصل ہوئے ۔ جب کہ آزاد امیدوار بی ناگراج کو 60 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ بی جے پی کے امیدوار رگھونندن راؤنے ایک ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔۔