حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( پریس نوٹ) : مولانا انصار اللہ قاسمی آرگنائزر مجلس تحفظ ختم نبوت کے بموجب مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان و عہدیداران مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی ، مولانا خواجہ نذیر الدین سبیلی ، مولانا مصلح الدین قاسمی ، مولانا محمد امجد علی قاسمی اور مولانا محمد ارشد علی قاسمی نے عالم دین اور تحریک ختم نبوت کے سرگرم و سرکردہ رہنما مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری کے سانحہ ارتحال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ مولانا مظاہری مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے نائب صدر تھے ۔ مجلس تحفظ ختم نبوت کے قیام سے پہلے اور قیام کے بعد تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری نے بہت ہی اہم اور مخلصانہ خدمات انجام دی ۔ انہوں نے نائب صدر کی حیثیت سے مجلس تحفظ ختم نبوت کو مضبوط بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ۔ ہر موقع پر انہوں نے ذمہ داران رول نبھایا ۔ چنانچہ آپؒ کے ہاتھ پر کئی ایک قادیانی مشرف باسلام ہوئے ، کاسرلہ پاڑ ضلع سریا پیٹ اور پالا کرتی ضلع جنگاؤں میں فتنہ قادیانیت کو ختم کرنے کے سلسلہ میں آپ ؒ کی خاص اور نمایاں خدمات رہی ۔ تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر اپنی ان بے لوث اور مخلصانہ خدمات کی وجہ سے آپ کی حیثیت تحریک ختم نبوت کے سرگرم و سرکردہ رہنما کی تھی ، تحفظ ختم نبوت کے میدان میں آپ ؒ کی یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔۔
