ملت اسلامیہ کو اسلام کا عملی نمونہ پیش کرنے کا مشورہ

   

Ferty9 Clinic

ملک کے حالات سنگین، جماعت اسلامی کی عید ملاپ تقریب، حامد محمد خان و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 9 جون (پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی جانب سے غیر مقیم ہندوستانیوں (NRI’s) کیلئے ایک عید ملاپ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں این آر آئیز کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ سکریٹری جناب محمد انعام اللہ خان نے جماعت اسلامی شہر حیدرآباد کے مختلف دعوتی، ملی اور سماجی کاموں کا تعارف کرایا۔ سکریٹری رابطہ عامہ جناب محمد اظہرالدین نے ملک کے موجودہ حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ پرست طاقتیں مختلف طبقات میں نفرتیں پیدا کرکے ملک کے پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہیں۔ حالات سنگین ہیں لیکن مسلم اُمت اس سے بھی زیادہ سخت حالات کا مقابلہ کرچکی ہے اور اب بھی مایوسی و نااُمیدی کی ضرورت نہیں ہے۔ حالات کو بدلنا اللہ کے اختیار میں ہے لیکن اس کے لئے ملت اسلامیہ کو پُرعزم کوشش کرنی ہوگی، اپنے اعتماد کو بڑھانا ہوگا، نئی نسل کو دین سے وابستہ کرنا ہوگا اور کردار کے ذریعہ اسلام کا عملی نمونہ پیش کرنا ہوگا۔ ناظم شہر حافظ محمد رشادالدین نے جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کے کاموں کا تعارف کرایا۔ امیر حلقہ جناب حامد محمد خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ریاست تلنگانہ میں دس نئے اضلاع کے قیام کے بعد نئے مقامات پر کاموں کا آغاز ہوا ہے۔ انھوں نے کہاکہ آج جو دعوتی مواقع حاصل ہیں ان سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ان کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ مزید یہ کہ تلگو اسلامک پبلی کیشن نے تاحال قرآن مجید کے تین لاکھ تلگو تراجم شائع کئے ہیں جوکہ تلگو عوام کا ایک فیصد بھی نہیں ہے۔ انھوں نے شرکاء کو مضبوط اجتماعیت سے وابستہ ہونے اور تحریکی سرگرمیوں میں تعاون کرنے کی تلقین کی۔ سکریٹری NRI جناب رضا احمد خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔