وقف بل کے خلاف غم و غصہ کا اظہار، اضلاع کی عیدگاہوں و مساجد میں نماز عیدالفطرکی ادائیگی، علماء و ائمہ کا خطاب، غیرمسلم قائدین کی جانب سے مبارکباد
جوگی پیٹ :… قدیم جامع مسجد کمیٹی کی جانب سے محمد فاروق عبداللہ کی صدارت میں اور حکومت کی جانب سے شامیانے اور وضؤ اور پینے کے لئے پانی کا بندوبست کیا گیا تھا۔ کمیٹی نے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ جوگی پیٹ عید گاہ میں حافظ محمد محبوب علی نے نماز پڑھائی اور خطاب کیا جس میں کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔ بعد از دعا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف کی گئی اپیل پر مسلمانوں نے اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر بل کی شدید مخالفت کی۔
یلاریڈی : … یلاریڈی کی عید گاہ پر امامت و خطابت کے فرائض قاری سید خلیل اللہ قادری نے انجام دیئے۔ صدر کمیٹی شیخ غوث الدین نے اپنے خطاب میں تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ رمضان المبارک میں مدرسہ و مساجد کو عطیات و صدقات دینے والے اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کیا اور خاص کر منڈل لنگم پیٹ کی معزز شخصیت محمد معین احمد قادری ( ہائی کورٹ ) سے اظہار تشکر کیا۔
مٹ پلی : … مٹ پلی شہر میں تینوں مقامات جامع مسجد میں صبح 8 بجے ، بسم اللہ مسجد میں صبح 8:15 بجے اور عید گاہ ( وینکٹ راؤ پیٹ ) پر صبح 8:30 بجے نماز عیدالفطر کا اہتمام کیا گیا۔ جامع مسجد میں مولانا محمد ریاض الرحمن قاسمی ، بسم اللہ مسجد مٹ پلی میں مولانا عبدالحمید قاسمی اور عید گاہ ( وینکٹ راؤ پیٹ ) میں مفتی عبدالمعز شامزی نے امامت و خطابت کے فرائض انجام دیئے۔ تینوں مقامات پر مصلیوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ مصلیوں کی کثرت سے عید گاہ (وینکٹ راؤ پیٹ ) ناکافی ہوئی، سینکڑوں مصلیوں نے عید گاہ کے باہر نماز عیدالفطر ادا کی ۔ عید گاہ میں مفتی عبدالمعز شامزی نے اپنے خطاب کے دوران پنج وقتہ نمازوں کی پابندی کرنے ، اپنے اعمال کی اصلاح کئے جانے پر روشنی ڈالتے ہوئے مظلوم مسلمانوں، فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کا ذکر کیا اور انسانیت کی خوشحالی و بہبودی کیلئے دعا کی ۔ عید گاہ ( وینکٹ راؤ پیٹ ) پر بی آر ایس پارٹی ضلعی صدر و سابق ایم ایل اے کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ ، میونسپل وائس چیرمین بوئن پلی چندر شیکھر راؤ ، سابق ایم پی پی ماروسائی ریڈی، ڈاکٹر ستیہ نارئنا، اوجیلہ بچی ریڈی کانگریس پارٹی ، ٹاون صدر جٹی لنگم ، کومی ریڈی کرم چند ہائی کورٹ ایڈوکیٹ، یاما راجیا ، اپرولہ ہنڈمانڈلو، پودری نرسا گوڑ، سرابی اشوک ایڈوکیٹ، کومی ریڈی لنگا ریڈی ایڈوکیٹ اور دیگر نے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
میدک : … میدک میں عیدالفطر نہایت جو ش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ عید گاہ قدیم نواب پیٹ میں حافظ سید خواجہ معز الدین نے امامت کی اور خطبہ دیا۔سارے ٹاؤن میں مسلمانوں نے وقف بل کی نئی پالیسی کو لے کر اپنے بازوؤں پر سیاہ بیاچس لگاکر مرکزی حکومت کے فیصلہ کی خوب جم کر مخالفت کی۔ عید گاہ نواب پیٹ پر حافظ سید خواجہ معز الدین نے اپنے بیان میں امت مسلمہ اور ملک کی ترقی کے علاوہ اہل غزہ کے لئے خصوصی دعاء کی اور وقف بل کی مخالفت کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی میدک ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے برادران اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کی اور عید کے انتظامی اخراجات کے لئے ہر سال کی طرح بلدیہ میدک کی جانب سے جاری کردہ 2 لاکھ نقد رقم انتظامیہ کے حوالے کیا۔ انتظامی کمیٹی کے ذمہ داراران عارف حسین، اعجاز الدین، نعیم الدین نے رکن اسمبلی سے اظہار تشکر کیا۔ عید گاہ جدید گاندھی نگر پر مولانا محمد جاوید علی حسامی نے امامت کی اور خطبہ دیا۔ جہاں سابق رکن اسمبلی میدک ایم پدما دیویندر ریڈی، سابق ایم ایل سی ایس سبھاش ریڈی، سابق صدرنشین بلدیہ مسٹر بٹی جگپتی اور ایم ایل اے روہت راؤ نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ ٹاون کی جامع مسجد پر حافظ سعادت حسین نے امامت کی۔ مسجد ولی شاہ پر مولانا برکات احمد ندوی نے امامت کی ۔ مسجد قوت الاسلام پر مفتی صابر علی عمر نے ، مسجد رحیم آباد پر حافظ و قاری سید شفیع اللہ حسینی نے ، مسجد اہل حدیث عمر بن خطاب پر حافظ شیخ ندیم نے ، ٹاؤن کے نواح راج پلی عیدگاہ پر سید اعجاز پاشاہ نے نماز عیدالفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ یہاں اس امر کو بتانا بے محل نہ ہوگا کہ پہلی بار کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکبادیتے ہوئے نصب کی جانے والی فلیکسیز غائب تھیں۔ ہمیشہ ٹاؤن کی اہم سڑکوں و چوراہوں پر فلکسیز لگائی جاتی تھیں۔
اوٹکور : … مستقر اوٹکور منڈل کے اطراف و اکناف مواضعات کلور ، اوبلا پور، مخدوم پور کے مسلمانوں نے عید گاہ شاہی اہلسنت و الجماعت اوٹکور میں نماز عیدالفطر بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ شاہی میں دیکھا گیا۔ مولانا عبدالقیوم ندوی نے نماز سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو اللہ تعالیٰ اس وقف بل کو مسترد کرنے میں کامیابی عطا فرمائے۔
٭٭ عید گاہ اہلحدیث اوٹکور میں مولانا شیخ حافظ و قاری عبدالقیوم عمری نے اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے احکام خداوندی اور سنت رسول ؐ پر سختی سے عمل پیر اہونے کی تلقین کی۔ دونوں عیدگاہ میدان پر مصلیوں کے لئے ٹھنڈے پانی کا نظم کیا گیا تھا۔
٭٭ عید گاہ دیور کدرہ نئے میدان محبوب نگر شاہراہ پر قاضی یوسف نقشبندی نے نماز عیدالفطر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد واپسی پر راستہ پر ایک عید ملاپ کیمپ تمام گاوںکے ہندو بھائیوں نے لگایا اور مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے بغلگیر ہوئے۔
پٹلم : … پٹلم میں جدید جامع مسجد پر مصلیان جمع ہوکر عید گاہ پہنچے۔ ٹھیک صبح 9:30 بجے عیدالفطر کی نماز مفتی شیخ جمشید اشاعتی نے پڑھائی۔ مقامی بی آر ایس کانگریس اور بی جے پی کے قائدین نے عید گاہ پر مصلیان سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کی۔ سب انسپکٹر راجو، ہیڈ کانسٹبل سایا گوڑ اور پولیس جمعیت کا بندوبست تھا۔ خدمت خلق حافظ عبدالمقتد کی جانب سے عبدالرشید نے مصلیان کو ٹھنڈے پانی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔
پرگی : … پرگی عیدگاہ میں نماز عیدالفطر 9 بجے ادا کی گئی۔ نماز عیدالفطر امام احمد نے پڑھائی اور خطبہ دیا۔ کثیر تعداد میں مصلیان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس بندوبست کیا گیا تھا۔ پرگی کے تمام دیہاتوں میں عیدالفطر منائی گئی۔ عیدگاہ کے پاس پرگی رکن اسمبلی رام موہن ریڈی اور سابق رکن اسمبلی نے شرکت کی۔
کوہیر :… کوہیر منڈل مستقر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں عیدالفطر نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی۔ دگوال، کویلی، بلال پور، ماچر ریڈی پلی، منیار پلی، بڑم پیٹ کے علاوہ دیگر مواضعات میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی۔ اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے اعلان کے مطابق وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف اپنے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر نماز عید ادا کی گئی۔ بعد ازاں عید کے موقع پر سریش کمار شیٹکار رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد کوہیر پہنچتے ہوئے کانگریس پارٹی کے مختلف سیاسی قائدین کے مکانات پہنچ کر عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اس موقع پر وہاں لوگوں نے ریش کمار شیٹکار کو کوہیر کے بنیادی مسائل کی جانب توجہ دلائی۔ اس موقع پر کوہیر کانگریس پارٹی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ رکن پارلیمنٹ کی شیر خرما سے تواضع کی گئی۔
نرمل : … عیدالفطر نرمل میں نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ، عید گاہ نرمل میں اطراف و اکناف کے علاقوں سے مسلمانوں کی بڑی تعداد نے نماز ادا کی۔ ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عیدالفطر ادا کی۔عید گاہ سے متصل تمام سڑکوں پر بھی نمازی کو دیکھتے ہوئے بہت ہی خوبصورت منظر دکھائی دے رہا تھا ۔ سارے علاقہ میں سروں کا سمندر نظر آرہا تھا۔ پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز کے آغاز سے قبل ضلع ایس پی ڈاکٹر حانکی شرمیلا IPS نے انتظامات کا جائزہ لیکر اے ایس پی نرمل مسٹر راجیش مینا IPS کو راست نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے بھینسہ روانہ ہوگئیں۔ بعد نماز عیدالفطر مسلمانوں کی بڑی تعداد سے مسٹر راجیش مینا نے ملاقت کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دی اور معصوم بچوں کو گود میں لیکر عیدالفطر کی خوشیوں میں شامل ہوگئے۔ واضح رہے کہ مسٹر مینارIPS کی پوسٹنگ نرمل میں دوباہ قبل میں ہی ہوئی ان کی ملازمت کا یہ پہلا بندوبست پرامن اور کامیاب رہا۔
جنگاؤں : … جنگاؤں کے مسلمانوں نے حسب روایت نماز عیدالفطر خشوع و خضوع کے ساتھ جدید عیدگاہ جنگاؤں پر ادا کی۔ نماز عید سے قبل مولانا شاکر حسین قاسمی نے کہا کہ مسلمان رمضان کے بعد بھی مساجد کو آباد رکھیں اور نمازیں پابندی سے ادا کریں۔ جمعیۃ الشباب کمیٹی صدر محمد عبدالرحمن شکیل نے کہا کہ یہ کمیٹی ابتداء سے ہی قوم و ملت کے کاموں میں اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے عیدگاہ ، قبرستانوں کی نگہداشت ، تجہیز و تکفین میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ صدر ایکمینار مکہ مسجد کمیٹی نے کہا کہ نماز عیدالفطر کے وقت ہمارے درمیان ضلع کلکٹر جنگاؤں جناب رضوان پاشاہ ( آئی پی ایس) موجود تھے۔ ضلع کلکٹر رضوان پاشاہ توجہ لے کر جنگاؤں کے مسلمانوں کیلئے 3ایکر یا 4ایکر اراضی قبرستان کیلئے مختص کروائیں تو آئندہ جنگاؤں کے مسلمانوں کیلئے ایک بڑا مثالی اقدام ہوگا، اور کہا کہ جدید عیدگاہ کے کاغذات کو بھی پایہ تکمیل کرنا ہے اس میں بھی ان کی رہبری ضروری ہے۔ عید گاہ کے پاس ضلع کلکٹر جنگاؤں رضوان پاشاہ سے کئی مسلمانوں نے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر عید گاہ جنگاؤں پر رکن اسمبلی پی راجیشور ریڈی، مارکٹ کمیٹی چیرمین شیوراج یادو، سرینواس ریڈی، بچی ریڈی، مولانا عبدالحفیظ قاسمی، سید جہانگیر، سریش ریڈی، دیاکر، محمد انور، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ سے ملاقات کرکے مبارکباد پیش کی۔
مکتھل :… عید گاہ مکتھل میں ہزاروں فرزندان توحید نے نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عیدالفطر ادا کی۔ خطیب عیدین مولانا حافظ عبدالقوی حسامی نے نماز پڑھائی اور خطبہ دیا۔ قبل ازیں مولانا نے اپنے خطاب میں ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ خوشی و مسرت کے اس موقع پر فلسطین اور غزہ کے مظلوم بھائیوں و بہنود کو فراموش نہ کریں بلکہ ظالموں کے ظلم سے نجات کیلئے بارگاہ ایزدی میں دعاؤں کا اہتمام کریں۔ ملک کے موجودہ حالات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے مولانا نے وقف ترمیمی بل کے حوالہ سے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی سرپرستی اور قیادت میں اپنے حقوق کے حصول و تحفظ کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ عیدگاہ مکتھل کے تمام انتظامات سی چاند پاشاہ صدر جامع مسجد اور الحاج محمد اسحاق رائچوری نائب صدر جامع مسجد کی نگرانی میں قطعیت دیئے گئے تھے۔ عید گاہ مکتھل پر رکن اسمبلی مکتھل مسٹر وی سری ہری، سابق رکن اسمبلی مکتھل سی رام موہن ریڈی، سابق چیرمین بلدیہ نمائندہ مسٹر ملیکارجن کے علاوہ کانگریس قائدین مسٹر بالکشٹا ریڈی، چندرا کانت گوڑ، کوڈلا وینکٹیش، نائپا مسٹر لکشما ریڈی، بی روی کمار، گنیش اور بی آر ایس قائدین نرسمہا گوڑ، آشی ریڈی ہنمنتو، کونی سوامی، راج شیکھر بی جے پی اور دیگر سیاسی قائدین نے عید گاہ پر نصب کئے گئے خصوصی شامیانے میں مسلمانوں سے مصافحہ و معانقہ کرتے ہوئے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ اس کے علاوہ مستقر مکتھل کی جامع مسجد میں بھی نماز عیدالفطر کا نظم کیا گیا تھا۔ حافظ محمد لیاقت علی فیضی نے امامت کے فرائض انجام دیئے۔
کورٹلہ :… عید گاہ کورٹلہ پر سب سے بڑا اجتماع دیکھا گیا۔ عید گاہ کورٹلہ پر مولانا محمد شفیع ندوی کی امامت میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔ مولانا محمد شفیع ندوی نے خطاب کیا۔ مولانا نے مسلمانوں سے خواہش کی کہ غریبوں، محتاجوں کو اپنی خوشیوں میں شامل رکھنے کے لئے فطرہ و صدقہ دیں۔ مسلم بھائیوں نے ہندو ، مسلم اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے عیدگاہ کورٹلہ پر مسلمانوں کے لئے پانی کاانتظام کیا۔ عید گاہ کورٹلہ پہنچ کر رکن اسمبلی کورٹلہ کلوا کنٹلہ سنجے ، ریاستی قائدکانگریس پارٹی جناب کرشنا راؤ، ڈی راجیش صدر منڈل بی آر ایس پارٹی نرملا گنگا دھر صدر کانگریس پارٹی کورٹلہ ٹاون، کنتم راجم کانگریس پارٹی قائدین ، انم انیل، پشپلا پربھاکر،اڈپو مادھو کے علاوہ کانگریس پارٹی ، بی آرایس پارٹی کے قائدین نے مسلمانوں سے بغلگیر ہوکر انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔
محبوب نگر :… محبوب نگر میں عیدالفطر نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مستقر محبوب نگر پر مسلمانوں کا سب سے بڑا اجتماع دید گاہ وقف رحمانیہ ( وانا گٹو ) پر دیکھا گیا۔ مولانا حافظ محمد اسمعیل چشتی نے نماز عید کی امامت کی۔ مولانا نے اصحاب کہف کے حوالے سے کہا کہ ہم دین کی تعلیم کی طرف راغب ہوں گے تو اللہ کی رحمت اور فتح و نصرت ضرور ہمیں حاصل ہوکر رہے گی۔ نماز عید سے قبل جامع مسجد محبوب نگر سے جلوس منظم کیا گیا تھا جو مولانا اسمعیل کی قیادت میں عید گاہ پہنچا۔
کاغذ نگر : … کاغذ نگر کی عید گاہوں کے علاوہ مختلف مساجدمیں عید الفطر کی نمازکا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاغذ نگر کی قدیم عید گاہ میں پیر کے روز امام و خطیب جامع مسجد مولانا انتخاب عالم نے عید الفطر کی نماز پڑھائی۔ قدیم عید گاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کرنے والوں میں ایم ایل سی ڈنڈے وٹھل، سابق رکن اسمبلی کونیرو کونپپا، سابقہ ضلع پریشد چیئرمین کے کرشنا راؤ، کاغذ نگر ڈی ایس پی رامانجم، اور ٹاؤن سی آئی راجندر پرساد، سابق کونسلر شرت کے علاوہ دوسرے کئی غیر مسلم سیاسی قائدین نے عید گاہ پہنچ کر فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ کاغذ نگر میں قدیم عید گاہ کے علاوہ چنتا گوڑا عیدگاہ اور مختلف مساجد میں بھی نماز عید الفطر کا اہتمام کیا گیا۔