حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو چادر گھاٹ پولیس اسٹیشن کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر پولیس اسٹیشنوں سے مزید 8 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جملہ 9 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے قبرستان سکندرآباد میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی نے پڑھائی جبکہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے دعا کی۔ اس موقع پر بشریٰ تبسم صاحبہ ساکن سکندرآباد نے دعا کی کہ اللہ پاک اس وقت جو حج کی سعادتوں میں مصروف ہیں ان کے حج کو آسان فرمائے اور دعاؤں میں ہمارا حصہ بھی نصیب فرمائے۔ سید محمد عبدالجلیل امتیاز احمد صاحب انجینئر نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اللہ پاک دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا نعم البدل عطا فرمائے ۔ سید عبدالمنان نے ادارہ سیاست کی ترقی اور جناب زاہد علی خان صاحب کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا فرمائی ۔ نماز جنازہ میں سید امیر الدین ملک پیٹ، محمد اکرم حسینی عیدی بازار، شیخ نعیم جہاں نما، محمد حمید الدین سماجی کارکن موجود تھے۔ محمد مکرم خان نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ ورثاء جہاں بھی ہوں اللہ پاک ان کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔