حیدرآباد : جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا ۔ جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ مزید 10 درخواستیں مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے موصول ہوئیں ۔ جملہ 11نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کر کے زیرنگرانی سید عبدالمنان ، محمد عبدالجلیل ، سمیع اللہ خان مسجد سنی پورہ کی سرپرستی میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ دواخانہ عثمانیہ ہی میں مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی ۔ اس موقع پر سکندرآباد کی رہنے والی خاتون صوفیہ خان نے حدیث شریف کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بیمار ہوجائے اور کوئی اس کی عیادت کرے تو فرشتے صبح سے شام تک عبادت کرنے والے کیلئے دعا کرتے ہیں ۔ حافظ و قاری مولانا محمد عماد امام خطیب مسجد عبدالقادر بنڈلہ گوڑہ نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی ۔ حافظ محمد نصیر الدین نے ورثاء کیلئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی رہے صبر عطا فرمائے ۔ محمد محسن خان نے ملت فنڈس تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی اور کہا کہ اللہ پاک دنیا اور آخرت دونوں میں اجر عظیم عطا فرمائے ۔