حیدرآباد ۔ ادارہ سیاست کو ڈاکٹر محمد تقی الدین ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کا مراسلہ موصول ہوا اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صاحب سے درخواست کی گئی کہ واقعات کے بموجب پروین بیگم عمر 30 سال کو دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا گیا اور انتقال کے بعد ورثاء نعش چھوڑ کر چلے گئے اور ایڈیٹر سیاست سے تدفین کی درخواست کی گئی اس کے علاوہ مختلف پولیس اسٹیشنوں سے 11 درخواستیں تدفین کی غرض سے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو وصول ہوئیں۔ جملہ 12 نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے زیر نگرانی سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل قبرستان تھرتھرے شاہ سکندرآباد میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید معز الدین اشرفی الجیلانی نے پڑھائی جبکہ سید عبدالحفیظ امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ نے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر نماز جنازہ میں شریک مدیر ولی حفیظ پی این ایس نیوز نے کہا کہ آج کی نماز جنازہ پڑھتے وقت دکھ کے ساتھ مسرت بھی محسوس ہوئی۔ سکندرآباد کی بشریٰ تبسم نے خاتون کی نعش چھوڑ کر جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔ محسن خان، صوفیہ خان نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی اور مرحومین کے ورثاء جہاں بھی ہو اللہ پاک انہیں صبر عطا فرمائے آمین۔