حیدرآباد ۔ 22 نومبر ۔ ( سیاست نیوز)جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن سیف آباد کا مراسلہ وصول ہوا جس میں 45 سالہ مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ واقعات کے بموجب مرحوم کو سرپر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا ۔ پولیس سیف آباد نے قتل کا مقدمہ درج کیا اور ورثاء کے نہ ملنے پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان صاحب سے رجوع ہوئی تاکہ ان کی اسلامی طریقہ پر تدفین ہو اس کے علاوہ حیدرآباد ، سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے جملہ 10 درخواستیں موصول ہوئیں اس طرح (11) مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ سے حاصل کرکے زیرنگرانی سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل ، محمد جعفر اور سمیع اﷲ خان مسجد سُنی پورہ کی موجودگی میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید شاہ انعام الحق قادری نقشبندی امام و خطیب جامع مسجد افضل گنج نے پڑھائی ۔ اس موقع پر سکندرآباد کی رہنے والی خاتون بشریٰ تبسم نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی اور اپنی دعاؤں میں ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کے لئے بھی دعا کی کہ اﷲ پاک ان کو اجرعظیم عطا فرمائے۔ محمدمحسن خان اور صوفیہ بیگم نے ورثاء کے لئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہیں اﷲ پاک ان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین ۔