حیدرآباد ۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو راجندر نگر پولیس اسٹیشن کا مراسلہ موصول ہوا جس میں مسلم نعشوں کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ حیدرآباد اور سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے 11 درخواستیں تدفین کی غرض سے وصول ہوئیں۔ ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے سکندرآباد قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معز الدین اشرفی خلیفہ حضرت مدنی میاں اشرفی جیلانی نے پڑھائی، جبکہ مولانا سید عبدالحفیظ امام و خطیب جامع مسجد کشن باغ نے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ نماز جنازہ میں شریک رہنے کے بعد جب گھر جاکر سوگیا تو مجھے مسرت ہوئی کہ اللہ پاک نے مجھ سے یہ کام لیا اور خواب میں دیکھا کہ عمرہ کر رہا ہوں۔ اس طرح مجھے مکہ مکرمہ اور مدینہ شریف کی زیارت نصیب ہوگئی۔ مولانا معز الدین اشرفی نے کہا کہ بلاشبہ اس کار خیر میں کسی بھی نوعیت سے شریک ہونے پر اللہ پاک اجر عظیم عطا فرمائیں گے۔ اپنوں کے لئے تو سب کرتے ہیں مگر ان مرحومین کو ان کی آخری قیامگاہ تک پہنچانا جن پر کوئی دو آنسو بہانے والا نہ ہو اللہ پاک کے پاس مقبول عمل ہے ۔ سکندرآباد کی رہنے والی خاتون بشریٰ تبسم نے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔ سید عبدالمنان، محمد عبدالجلیل نے دعا کی کہ ورثاء جہاں بھی ہو اللہ پاک ان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو دنیا اور آخرت دونوں میں جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔