حیدرآباد۔/28 اکٹوبر:جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کو پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی اس کے علاوہ حیدرآباد و سکندرآباد پولیس اسٹیشنوں سے مزید 9 درخواستیں تدفین کی غرض سے وصول ہوئیں۔ جملہ 10 نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا سید خواجہ معزالدین اشرفی خلیفہ حضرت علامہ مدنی میاں اشرفی الجیلانی نے پڑھائی جبکہ مولانا سید حفیظ امام و خطیب جامع مسجد محمدیہ کشن باغ نے دعا کی۔ مولانا معزالدین اشرفی نے کہا کہ بلا شبہ خاندان میں موت پر سارا خاندان متاثر ہوجاتا ہے جبکہ ادارہ ’سیاست‘ عالی جناب زاہد علی خان کی سرپرستی میں ہزاروں میتوں کو آخری آرام گاہ تک پہنچانے کا اللہ پاک نے ان کو شرف عطا فرمایا ۔ کشن باغ کے محمد شجاعت جو نماز جنازہ میں شریک تھے مرحومین کے لئے مغفرت کی دعا کی۔ بشریٰ تبسم ، ایس اے منان ، محمد عبدالجلیل نے کہا کہ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اللہ پاک دنیا و آخرت دونوں میں اجر عطا فرمائے۔ ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خان نے شیخ عبدالعزیز صدر عید گاہ کوکٹ پلی کا شکریہ ادا کیا۔ ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ عثمانیہ دواخانہ محمد تقی الدین کی نگرانی میں غسل کا اہتمام ہوا۔
