حیدرآباد ۔مولانا مفتی عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کا سانحۂ ارتحال ملت اسلامیہ بالخصوص اہل دکن کا ناقابل تلافی علمی نقصان ہے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے مفتی صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ شہر کو مفتی عظیم الدین جیسے عالم کی شکل میں اللہ رب العزت نے ایک عظیم نعمت سے سرفراز کیا تھا اور ان کے انتقال سے شہر علم و گوہر اپنے عظیم فرزند سے محروم ہوگیا۔ ایڈیٹر سیاست نے تعزیتی پیام میں اہل خانہ وارباب جامعہ کے علاوہ معتقدین کو صبر جمیل کیلئے دعاء کی اور کہا کہ مفتی عظیم الدین جیسی عظیم المرتبت
شخصیات کا گذر جانا ملت کا ناقابل تلافی نقصان ہے ۔انہوں نے مولانا مرحوم کی حق گوئی اور بے باکی کو خراج پیش کیا اور کہا کہ جب کبھی ملت کو رہبری کی ضرورت محسوس کی بلا کسی خوف انہوں نے رہبری فرمائی ۔جناب زاہد علی خان نے کہا کہ مولانا مفتی عظیم الدین نے شہر میں ہر کار خیر اور ملت کی ترقی و بہبود کے کاموں کی ہمیشہ ستائش کی اور ملت اسلامیہ میں خرافات کو دور کرنے کی کوششوں کی ہمیشہ سرپرستی فرمائی ۔اللہ مفتی صاحب کے درجات کو بلند فرمائے اور اپنے مقرب بندوں میں شمار کرکے جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین