اردو میڈیم کا طالب علم بنے گا آئی پی ایس ‘ایم ایس یو پی ایس سی مشن 2036 کا اعلان ، محمد برہان زماں کو تہنیت
حیدرآباد 10 جون ( سیاست نیوز ) اگر آپ کے حوصلہ بلند ہوں اور ماں باپ کی دعائیں ساتھ ہو تو پھر کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے گی ناکامیوں پر مایوس اور نا امیدی آپ کے حوصلے پست کرتی ہے ۔ اس لیے اللہ کی ذات پر یقین رکھئے ۔ مایوسی و نا امیدی کو اپنے قریب مت آنے دیجئے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کوچنگ سے یو پی ایس سی کے کامیاب امیدواروں میں 768 واں رینک حاصل کرنے والے محمد برہان زماں نے کیا ۔ انہیں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے صدر نشین جناب محمد لطیف خان نے محمد برہان زماں اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کرکے اس ہونہار نوجوان کے والدین محمد مسیح الزماں اور صبیحہ خاتون کو ادائیگی عمرہ کیلئے بھیجنے کا اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ محمد برہان زماں نے جو کولکتہ کے راجہ صاحب بازار کے ساکن ہیں دسویں جماعت تک اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کی جب کہ ان کی چار بہنوں اور 3 بھائیوں نے بھی اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کی ۔ بڑی بہن نے اردو سے ایم اے کیا ۔ دوسری بہن بی یو ایم ایس ایم ڈی تیسری بہن بی ایس سی اور چوتھی بہن نے ایل ایل بی کیا ۔ محمد برہان زماں اپنے بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں اور ایرو اسپیس انجینئر ہیں ۔ وہ مستقبل میں آئی پی ایس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے ۔ جناب محمد لطیف خاں کے مطابق ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اپنی آئی اے ایس اکیڈیمی کے ذریعہ مشن یو پی ایس سی 2036 شروع کیا ہے ۔ جس کا مقصد آئندہ 13 برسوں میں ملت کو 100 آئی اے ایس ، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس اور آئی آر ایس وغیرہ دینا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی سے یو پی ایس سی میں 3 طلباء کامیاب ہوئے جن میں محمد فیضان ( کل ہند سطح پر 50 واں رینک ) اور محمد حارث سمیر ( 270 رینک ) ان دونوں آئی اے ایس کو تلنگانہ اور کرناٹک کیڈر دیا گیا ہے ۔ امید ہے کہ مستقل مزید نوجوان ایم ایس آئی ایس ایس اکیڈیمی سے تیار ہو کر آئی اے ایس ، آئی پی ایس بنیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال کے یو پی ایس سی امتحان کی تیاری و تربیت کیلئے ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی میں داخلہ کیلئے ملک بھر کے 80 مراکز سے ذہین طلباء وطالبات کا انتخاب کریگی ۔ جب کہ ان کے ادارہ نے یہ فیصلہ کیا کہ کم عمر بالخصوص چھٹویں جماعت سے بچوں کو یو پی ایس سی کیلئے تیار کیا جائے ۔ اس موقع پر جناب انور احمد ٹرسٹی و سکریٹری ڈاکٹر محمد معظم حسین ٹرسٹی اور محترمہ نزہت صوفی ٹرسٹی کے علاوہ ڈاکٹر محمد شاہد ڈائرکٹر ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی مظہر میڈم بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ محمد برہان زماں کو چوتھی کوشش میں کامیابی ملی ۔ انہوں نے سیاست سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 4 پریلمس ، 3 مینس ، 3 انٹرویوز کا سامنا کیا ، تب کہیں جاکر ان کا انتخاب عمل میں آیا ۔