مسجد کے امام و مدرس کے فرزند انجینئر محمد یار عالم آپ کے تعاون کے مستحق
ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : خدمت خلق ایک ایسا مقدس کام ہے جو ہر کوئی انجام نہیں دے سکتا بلکہ خدمت خلق میں وہی شخصیتیں مصروف رہتی ہیں اللہ تعالیٰ جن کا اپنے بندوں کی خدمت کے لیے انتخاب کرتے ہیں ۔ اگر آپ کسی غریب ضرورت مند بالخصوص ہونہار طالب علم یا طالبہ کی مدد کرتے ہیں تو ہم پورے یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ اس کام کی برکت کا اثر آپ اپنے سارے وجود میں محسوس کرتے ہیں اس کی ایک الگ روحانی خوشی ہوتی ہے۔ بہر حال ہم ضرورت مند طلبہ کی مدد کی بات کررہے ہیں تو اس معاملہ میں حیدرآبادی شہری بہت خوش قسمت ہیں کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے سینوں میں وہ قلوب عطا کئے ہیں جو ہمیشہ ضرورت مندوں ، مسکینوں ، یتیم و یسیر بچوں ، ہونہار طلبہ اور فرقہ پرست درندوں کے ہاتھوں ستائے ہوئے لوگوں اور آفات سماوی کے متاثرین کے لیے تڑپتے ہیں اور وہ ان کی مدد کے لیے سب سے پہلے دست تعاون دراز کرتے ہیں ۔ ضرورت مندوں بالخصوص زندگی میں کچھ بڑا کرنے کی خواہش رکھنے والے طلبہ کی ہر طرح سے مدد کے معاملہ میں دو شخصیتوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا اور وہ شخصیتیں ہیں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین جن کی ایک اپیل پر حیدرآبادی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے دوڑ پڑتے ہیں ۔ قارئین !! آپ کو حیدرآباد کے مغل پورہ کی رہنے والی سلویٰ فاطمہ تو ضرور یاد ہوگی ۔ اس لڑکی کا پرواز تخیل اس قدر بلند تھا کہ اس نے آسمانوں میں اُڑنے کا خواب دیکھا یعنی پائلٹ بننے کا خواب دیکھا اور جناب زاہد علی خاں نے اس کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ انہوں نے خود اپنی طرف سے سلویٰ فاطمہ کو 16 لاکھ روپئے دئیے اور حکومت سے 36 لاکھ روپئے کی امداد دلائی اور دنیا نے دیکھا کہ سلویٰ فاطمہ تلنگانہ کی پہلی مسلم خاتون پائلٹ بن گئی ۔ بہر حال ایسا ہی ایک خواب ایک مسجد کے امام اور مدرس محمد شہریار عالم کے ایرواسپیس انجینئر بیٹے محمد یار عالم نے دیکھا اور مدھیہ پردیش کے ساگر میں واقع Chimes Aviation Academy میں داخلہ لے لیا ۔ پائلٹ بننے کے اس کورس کی مکمل فیس 51 لاکھ روپئے ہے ۔ اپنے بیٹے کے جوش و جذبہ اور پائلٹ بننے کے شوق کے ساتھ ساتھ تعلیمی قابلیت کو دیکھتے ہوئے محمد شہریار عالم نے مکان رہن رکھ دیا ۔ زیورات فروخت کردئیے اور اپنے سسرالی رشتہ داروں سے قرض لے کر 25 لاکھ روپئے پہلی قسط جمع کروادی لیکن اب اندرون ایک تا دیڑھ ماہ مزید 26 لاکھ روپئے درکار ہیں ۔ دوست احباب کے مشورہ پر محمد شہریار عالم اپنے فرزند محمد یار عالم کے ساتھ دفتر سیاست پہنچے اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ساتھ ساتھ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ دوسری قسط کی ادائیگی کے لیے مالی مدد کی سخت ضرورت ہے ۔ چنانچہ ان دونوں ہمدردان ملت نے محمد یار عالم کی مدد کا بیڑا اٹھاتے ہوئے ہمدردان ملت خاص کر بیرون ملک مقیم حیدرآبادیوں سے پر خلوص گذارش کی کہ اس ہونہار نوجوان کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ پائلٹ بننے سے متعلق اس کا خواب شرمندہ تعبیر ہو ۔ واضح رہے کہ محمد یار عالم نے لولی پروفیشنل یونیورسٹی سے ایرواسپیس انجینئرنگ کی ۔ پرناو انٹرنیشنل اسکول سے ایس ایس سی میں امتیازی کامیابی حاصل کی اور سری چیتنیہ سے انٹر میڈیٹ امتیازی نشانات سے کامیاب کیا ۔ انہوں نے آج ہی پائلٹ ٹریننگ کورس جوائن کرلیا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین کے مطابق آپ کے مالی تعاون سے جہاں ہمارے ایک نوجوان کے پائلٹ بننے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا وہیں دوسرے لڑکے لڑکیوں کو بھی ایک نیا عزم و حوصلہ ملے گا ۔۔
Mohammed Yar Alam
A/C.No. 50100372006386
HDFC Bank, Branch: Qutubullapur,
Account Type : Saving
IFSC: HDFC00001041
Phone: 7989228679
مذکورہ اکاونٹ نمبر میں آپ رقم جمع کرواسکتے ہیں ۔