ملزمین کو ضمانت دینے والے افراد پر نئی پابندی، ترمیم کو اسمبلی میں منظوری

   

سماعت کے موقع پر ملزم کو پیش کرنا ضمانت دینے والوں کا کام
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے اسمبلی میں متفقہ طور پر بل کو منظوری دیتے ہوئے کوڈ آف کریمنل پروسیجر ایکٹ 1973 اور فارم نمبر 45 میں ترمیم کی ہے جس کے تحت کسی بھی ملزم کو بیل کے وقت ضمانت دینے والا شخص پابند رہے گا کہ ملزم کو ٹرائیل کے موقع پر مقررہ تاریخ کو عدالت میں پیش کرے۔ حکومت کو امید ہے کہ اس ترمیم سے ملزمین کو ضمانت دینے والے افراد جوابدہ بنائے جاسکیں گے۔ وزیر قانون اے اندرا کرن ریڈی نے اسمبلی میں بل متعارف کیا اور کہا کہ ضمانت دینے والا اور وہ شخص جس نے ملزم کی ضمانت پر رہائی کیلئے شوریٹی دی ہے وہ اکثر ٹرائیل کے موقع پر ملزم کو عدالت میں پیش کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں جس کے باعث مقدمات کی یکسوئی میں تاخیر ہورہی ہے۔ ترمیم کے ذریعہ ایسے ضمانت دینے والے افراد اور شوریٹیز دینے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کی تجویز ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے ترمیم کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ دلتوں اور قبائیلیوں کے خلاف تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانون سازی کرے۔ وزیر قانون نے کہا کہ تلنگانہ حکومت خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔