ورنگل پولیس کمشنر ترون جوشی کے ہاتھوںٹاسک فورس کانسٹبل میر محمد علی کو نقد ایوارڈ حوالے
ورنگل ۔چینائی( تمل ناڈو) پولیس کمشنر شنکر جیوال نے ورنگل پولیس کمشنریٹ میں ٹاسک فورس کانسٹبل کی حیثیت سے خدما ت انجام دینے والے میر محمد علی کی زبردست ستائش کرنے کے علاوہ نقد ایوارڈ روانہ کیا۔نقد ایوارڈ ورنگل پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی کے ہاتھوں میر محمد علی کو دیا گیا۔ورنگل پولیس کمشنریٹ کی تفصیلات کے بموجب گزشتہ 9 جولائی کو تمل ناڈو کے تریورکڑو پولیس اسٹیشن حدود کے ایک مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی تھی جس میں ملزم نے طلائی زیورات اور چاندی کے زیورات کا سرقہ کیا تھا ۔ ملزم کی شناخت کیلئے مقامی سی سی کیمروں کے مناظر کو تریورکڑو پولیس اسٹیشن ایس آئی کولہ سیکرن نے قومی سطح کے شعبہ کرائم سے متعلق واٹس اپ گروپ میں پوسٹ کیا ۔اس واٹس اپ گروپ میں میر محمد علی بھی ایک ممبر ہیں ۔ میر محمد علی نے واٹس اپ میں پوسٹ کئے گئے تصاویر کی مختلف زاویوں سے جانچ کرنے کے بعد ملزم کی شناخت کرنے کے علاوہ انہوں نے ملزم سے متعلق تمام تفصیلات تریورکڑوپولیس اسٹیشن ایس آئی کولہ سیکرن کو فراہم کرنے پر تریورکڑو پولیس نے ملزم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے پاس سے سرقہ کئے گئے 12 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور چاندی کے زیورات ضبط کرلئے ۔ملزم کو گرفتار کرنے میں میر محمد علی کی تفصیلات اہم کردار اداکرنے پر چینائی پولیس کمشنر شنکر جیوال نے میر محمد علی کی ستائش کی اور نقد ایوارڈ روانہ کیا جو آج پولیس کمشنر ورنگل ڈاکٹر ترون جوشی کے ہاتھوں میر محمد علی کو دیا گیا ۔گزشتہ میں بھی کیرالا ، آندھرا پردیش ،کرناٹک ریاستوں کے علاوہ دیگر اضلاع میں ہوئے سرقہ کی وارداتوں میں ملزمین کی گرفتار ی کیلئے بہترمظاہرہ کرنے پر مختلف شعبہ جات کے پولیس عہدیداروں نے ان کی زبردست تہنیت کی ۔اسی طرح ورنگل کمشنریٹ میں ہوئے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ملزمین کی گرفتاری میں میر محمد علی نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔اس موقع پر پولیس کمشنر نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین پولیس کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے فرائض کو انجام دینے پر ہر پولیس ملازم کی ایک علحدہ شناخت ہوگی۔
