نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کو مرکزی وزارت داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ فوجداری مقدمات میں پولیس کی میڈیا بریفنگ کے بارے میں تین ماہ کے اندر رہنما خطوط تیار کرے۔ سپریم کورٹ نے سبھی ریاستوں کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے میں ایک ماہ کے اندر مرکزی حکومت کو اپنی تجاویز پیش کریں۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے اسے ایک انتہائی اہم مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ بہت سی چیزیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ ایک طرف لوگوں کو معلومات حاصل کرنے کا حق ہے تو دوسری جانب تحقیقات کے دوران شواہد سامنے آنے پر تفتیش متاثر ہونے کا اندیشہ بھی رہتا ہے۔ ملزم کے حقوق کا بھی خیال رکھنا ہوگا، میڈیا ٹرائل سے ان کے مفادات متاثر ہوتے ہیں۔