ملزم کی مدد کرنے والے تمام افراد پرمقدمہ درج کیا جائے

   

Ferty9 Clinic

منتظم کیخلاف جامع جانچ کی جائے ۔ہاسپٹل کوسیل کیاجائے ۔ سی پی آئی

نظام آباد: 24؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی پی آئی (مارکس لائن) کے سیکریٹری سدھاکر اور پی او ڈبلیو ضلع سیکریٹری سندھیہ رانی نے دیگر قائدین کے ہمراہ ضلع کلکٹر نظام آباد سے ملاقات کرتے ہوئے قلیل واڑی میں واقع پوجا ہاسپٹل میں پیش آئے سنگین واقعہ کے تمام ذمہ دار ملزمین کی فوری گرفتاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 22 دسمبر کی رات پوجا ہاسپٹل میں نائٹ ڈیوٹی انجام دے رہی ایک نوجوان خاتون پر روہتا نامی نوجوان نے گلا دباکر زیادتی کی کوشش کی، جس پر خوفزدہ خاتون باتھ روم میں جا کر دروازہ بند کرتے ہوئے پولیس ایمرجنسی نمبر 100 پر فون کرنے میں کامیاب ہوئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ واقعہ کے دوران روہتا کے ساتھی دنیش، ہنومانڈو اور اس میں ملوث ساتھیوں پر مقدمہ نہ درج کرنے پر شدید احتجاج کیا ۔پولیس کی مدد سے باہر نکلنے کے بعد متاثرہ خاتون نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی، تاہم پولیس نے صرف ایک ہی ملزم روہتا کے خلاف مقدمہ درج کیا، جو سراسر ناانصافی ہے۔ قائدین نے مطالبہ کیا کہ ملزم کی مدد کرنے والے تمام افراد کے خلاف بھی سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے سخت و سزا دلوانے کا مطالبہ کیا۔قائدین نے پوجا ہاسپٹل کے منتظم سرینواس ریڈی پر بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہاسپٹل میں پارٹ ٹائم ڈاکٹروں کو رکھ کر کمیشن کی بنیاد پر مریضوں کو لایا جاتا ہے اور غیر اخلاقی طبی کاروبار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کو انجام دینے اور دیگر ممنوعہ سرگرمیوں کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں، لہٰذا پوجا ہاسپٹل کے منتظم کے خلاف جامع جانچ کر کے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور ہاسپٹل کو سیل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع مرکز میں متعدد پرائیویٹ ہاسپٹلس ایسے بھی ہیں جہاں مناسب اہلیت اور طبی تعلیم کے بغیر ڈاکٹروں کو پارٹ ٹائم بنیاد پر مقرر کر کے طبی کاروبار چلایا جا رہا ہے، جہاں آئے دن قواعد کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ ایسے ہاسپٹلس میں مریضوں کی اموات کے واقعات پیش آنے کے باوجود اثر و رسوخ کے ذریعہ معاملہ دبا دیا جاتا ہے۔ قائدین نے ضلع طبی حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر مجاز اور قواعد کی پابندی نہ کرنے والے ہاسپٹلس کے خلاف فوری معائنہ مہم چلائی جائے اور سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔