ملزم کے ہاتھ پر گھر پر الگ تھلگ رہنے کی مہر

   

جیل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی
حیدرآباد13اپریل (یواین آئی)ملزم کے ہاتھ پر گھر پر الگ تھلگ رہنے کی مہر ہونے کے سبب شہر حیدرآباد کی قدیم چنچل گوڑہ جیل کے حکام نے ملزم کو جیل میں داخل ہونے سے روک دیا۔گذشتہ چار برس میں جرائم کی تقریبا 50وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے پولیس نے چنچل گوڑہ جیل کو بھجوایا تھا۔ملزم کے ہاتھ پر گھر میں الگ تھلگ رہنے کی مہر تھی جس پر جیل کے عہدیداروں نے اس کو جیل میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔اس ملزم کو ایسٹ زون پولیس نے ہفتہ کو گرفتار کیاتھااور اس کو کنچن باغ پولیس کے حوالے کیا گیا۔اسی روز ملزم کو نامپلی کورٹ میں پیش کیاگیا۔قبل ازیں اس کی طبی جانچ جب کروائی گئی تو وہ بخار سے متاثر پایا گیا،اسی دوران ہاسپٹل میں ڈاکٹرس نے اس کے ہاتھ پر مہر لگاتے ہوئے گھر پر ہی الگ تھلگ رہنے کی ہدایت دی۔اس کو مجسٹریٹ کے روبرو حاضر کیاگیا جس نے ملزم کو 14دنوں کے لئے ریمانڈ میں بھیجا۔اتوار کی صبح ملزم کو جیل منتقل کرنے پر اس کی تھرمل اسکریننگ کی گئی جس میں اس کو بخار پایا گیا۔سنتوش نگر اے سی پی شیوراما نے کہا کہ تھرمل اسکریننگ پر اس کو بخار پایا گیا جس پر اس کو جیل حکام نے واپس کردیا۔