حیدرآباد : 7 اپریل ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے پارٹی تیاری کر رہی ہے ۔ تلنگانہ بی جے پی قائدین کیخلاف گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ تنقیدوں کا نشانہ بن رہے ہیں جس کا بی جے پی کی قومی قیادت نے بھی سخت نوٹ لیا ہے اور ان کی تفصیلات ریاستی قیادت سے طلب کی گئی ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلاہیکہ راجہ سنگھ کے متنازعہ ریمارکس اور تنقیدوں پر ریاستی قیادت نے ایک فائیل تیار کی جو دو یا تین دن بعد دہلی کو روانہ کردی جائے گی ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریلای کیخلاف راجہ سنگھ کے ریمارکس چنگاری پر کیروسین ڈالنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی کمیٹی سے صدر کا اعلان کیا جاتا ہے تو ’ ربر اسٹامپ ‘ ہوگا ۔ ماضی میں جتنے بھی قائدین ریاستی بی جے پی کے صدور رہے سب نے پارٹی میں گروپ بندیوں کو فروغ دیا ہے ۔ ریاست میں جو بھی چیف منسٹر ہو اس سے بی جے پی قائدین خفیہ ملاقاتیں کرنے کا بھی الزام عائد کیا تھا ۔ تازہ طور پر حیدرآباد مقامی مجالس کونسل انتخاب کیلئے پارٹی امیدوار کے طور پر گوتم راؤ کا اعلان کرنے پر راجہ سنگھ نے انہیں کشن ریڈی کا غلام گری کرنے والا قرار دیا تھا اور امیدوار بنانے پر اعتراض کیا تھا ۔ مسلسل پارٹی و قائدین کیخلاف راجہ سنگھ کی تنقیدوں پر ان کے خلاف کارروائی کا پارٹی میں ماحول تیار ہوگیا ہے ۔ ماضی میں بھی انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا ۔ 2