ایک آنکھ ضائع اور جگر متاثر ہونے کا خطرہ ، حملہ آور کا ریاست نیوجرسی سے تعلق
نیویارک۔ متنازعہ مصنف سلمان رشدی پر نیویارک میں اس وقت حملہ ہوا جب اسٹیج پر انہیں سامعین سے متعارف کروایا جا رہا تھا۔ ان کے ایک ایجنٹ کا کہنا ہے کہ وہ وینٹی لیٹر پر ہیں اور ان کی صحت سے متعلق خبر اچھی نہیں ہے۔ ایوارڈ یافتہ مصنف سلمان رشدی پر 12 اگست کو نیویارک کے ایک دور دراز علاقہ میں اس وقت چاقو سے حملہ کیا گیا جب وہ ایک ادبی تقریب کے لیے اسٹیج پر تھے اور ان کے خطاب سے پہلے ان کا تعارف کرایا جا رہا تھا۔ مصنف سلمان رشدی کے ایک ایجنٹ اینڈریو وائلی نے بعد میں بتایا کہ رشدی اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں اور جمعہ کی شام تک بولنے سے قاصر تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔ شاید سلمان کی ایک آنکھ ضائع ہو جائے گی۔ ان کے بازو کی نسیں کٹی ہوئی تھیں اور پیٹ پر چاقو کے حملے سے ان کے جگر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ رشدی اپنا لیکچر شروع کرنے ہی والے تھے، تبھی ایک شخص اسٹیج کی طرف تیزی سے بھاگا اور ان پر چاقو سے تابڑ توڑ حملے کرنے لگا۔ سامعین میں ایک ڈاکٹر بھی موجود تھے جنہوں نے حملے کے بعد مدد کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ انہیں لگتا ہے کہ سلمان رشدی کی گردن میں دائیں جانب ایک زخم کے ساتھ کئی مزید زخم آئے ہیں۔ تاہم ان کی نبض چل رہی تھی۔ تقریب کے شرکاء نے اس حوالے سے جو تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیج پر مصنف سلمان رشدی کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے۔ ابتدائی طبی امداد کے فوری بعد انہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے ہسپتال تک پہنچایا گیا۔ اس تقریب میں موجود بفلو شہر کی ایک خاتون لنڈا ابرامز نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ گرفت میں آنے کے باوجود بھی حملہ آور رشدی پر حملہ کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ ابرامز نے کہا کہ اسے کھینچنے میں پانچ آدمی لگے اور وہ تب تک بھی چھرا گھونپ رہا تھا۔ وہ بس غصے سے بھرا تھا، جیسے شدید طور پر مضبوط اور بہت تیز طرار ہو۔ دریں اثناء سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ظاہر کر دی گئی۔ نیویارک پولیس کے مطابق ملعون سلمان رشدی پر ہادی عطار نے چاقو سے حملہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 24 برس کے ہادی عطار کا تعلق امریکی ریاست نیوجرسی سے ہے، ان کی جانب سے حملے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی ۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہادی نے کیلی فورنیا کے الزبتھ لرننگ سینٹر سے تعلیم حاصل کی تھی۔ پولیس نے حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان رشدی کی حالت سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔بتایا جاتا ہے کہ رشدی کی ایک آنکھ ضائع ہونے کا بھی خطرہ ہے۔