فرخ نگر ، شادنگر کے مسلم نوجوانوں کا شدید احتجاج ، پولیس کو یادداشت
شادنگر 6 / اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گستاخ رسول صلعم کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے شادنگر کے نوجوانوں پر مشتمل ایک وفد نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے شادنگر ٹاؤن سرکل انسپکٹر وجے کمار سے ملاقات کرتے ہوئے تحریری یادداشت حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گستاخ رسول ﷺکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ نوجوانان فرخنگر و شادنگر کے مسلمانوں نے یتی نرسنگھا نندا کے خلاف قانونی کاروائی کرنے اور اسے پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ پولیس سے مطالبہ کیا کہ گستاخ رسول یتی نرسمہانندا کی جانب سے شان رسالت ﷺمیں گستاخی کا یہ واقعہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا بلکہ سابق میں بھی اس نے کئی مرتبہ شان رسالت ﷺمیں گستاخی کی ہے تاہم آج تک اس کے خلاف کوئی سخت قانونی کاروائی نہیں کی گئی۔ حالانکہ اس کے خلاف کئی ایک مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ باوجود اس کے متعلقہ پولیس کی خاموشی اور حکومت کے نرم رویہ کی بنا پر اکثر اوقات میں ملعون یتی نرسنگھا نندا کی زبان درازی کر رہا ہے۔ رسول ﷺکی شان میں گستاخی کو مسلمان کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ پولیس اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ ملعون کے خلاف سخت قانونی کاروائی ہو۔ اس موقع پر شادنگر و فرخ نگر کے نوجوان کثیر تعداد موجود تھے۔