فوری گرفتاری کا مطالبہ ، شہر کے کئی علاقوں میں علامتی احتجاج
حیدرآباد۔26۔نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں مسلمانوں نے آج بعد نماز جمعہ کئی مقامات پر ملعون وسیم رضوی کے خلاف احتجاج منظم کرتے ہوئے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ شہر کی کئی مساجد کے روبرو مسلمانوں نے علامتی احتجاج منظم کرتے ہوئے وسیم رضوی کی گستاخیوں پر حکومت کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تحریک مسلم شبان اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے یاقوت پورہ سے دبیر پورہ تک احتجاجی ریالی منظم کی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کرتے ہوئے ملعون وسیم رضوی کی گستاخیوں پر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ احتجاجی پلے کارڈس اور بیانرس تھامے ہوئے تھے جن پر وسیم رضوی کے خلاف نعرے درج تھے ۔ پولیس نے اگرچہ ریالی کی اجازت نہیں دی لیکن مسلمانوں کی برہمی کو دیکھتے ہوئے کوئی کارروائی نہیں کی اور ریالی پرامن طور پر منظم کی گئی ۔ جمعیۃ العلماء ، وحدت اسلامی ، پاپولر فرنٹ اور بعض شیعہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی ریالی میں شرکت کرتے ہوئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ اکرام کی شان میں گستاخیوں کی مذمت کی۔ صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے ریالی کی قیادت کی اور کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کی ایماء پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف گستاخانہ مہم چلائی جارہی ہے ۔ر
وسیم رضوی کو بھی سنگھ پریوار کی سرپرستی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی پولیس اسٹیشنوں میں وسیم رضوی کے خلاف ایف آئی آر کے باوجود گرفتاری عمل میں نہیں آئی جو خود اس بات کا ثبوت ہے کہ سنگھ پریوار اس ملعون کی نمائش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری گرفتار نہیں کیا گیا تو احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ ریالی میں آغا منور، ایس اے منان ، شکیل ایڈوکیٹ، سید نظام الدین (کانگریس) ، ایم اے غفار، عبدالقمر حق اور دوسروں نے شرکت کی۔ مہدی پٹنم میں مسجد عزیزیہ کے روبرو مسلمانوں نے بعد نماز جمعہ علامتی احتجاجی منظم کیا اور وسیم رضوی کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے بعض احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔ ملک پیٹ ٹی وی ٹاور اور شہر کے دیگر علاقوں سے بھی بعد نماز جمعہ احتجاج کی اطلاعات ملی ہیں۔ ر