ملعون گستاخ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

   

سنگاریڈی کے مسلم تاجرین سے منگل کو رضاکارانہ بند کی اپیل، معززین شہر کا اجلاس
سنگاریڈی۔ 27 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضور سرور کونین رسول اکرم ؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے ملعون خاطی کو فوری گرفتار کرتے ہوئے سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حیدرآباد کے مسلم تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 29 اکٹوبر بروز منگل تلنگانہ مسلم بند منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سنگاریڈی کے مسلم تاجرین سے بند میں رضاکارانہ طور پر حصہ لینے کی اپیل کی گئی۔ اس خصوص میں ایم اے حکیم اڈوکیٹ و سابق وائس چیرمین اردو اکیڈمی کی قیامگاہ پر معززین شہر کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاء نے ملعون نرسنگھانند کے لب و لہجہ اور گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قرار دیا اور حکومت سے اس ملعون کے خلاف فوری سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں محمد ریاض الدین، محمد محمود علی اسیر، ایم اے وحید، سید شاہنواز، مولانا قمر عالم قاسمی اور محمد یوسف و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ایم اے حکیم نے کہا کہ ملک میں وقفہ وقفہ سے حضور اکرم ؐ کی شان میں گستاخی کی جا رہی ہے یہ نہ صرف ہندوستان کے مسلمان بلکہ عالم اسلام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ ملعون کی جانب سے زہر افشانی کئے ہوئے ایک ماہ کا عرصہ گذر گیا جس پر ملک کے مسلمانوں نے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا، احتجاج کیا، پولیس میں شکایت درج کروائی لیکن اتر پردیش حکومت نے ابھی تک اس کو گرفتار نہیں کیا۔ حیدرآباد کی مختلف مسلم تنظیموں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اس ملعون کی فوری گرفتاری اور اس کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے 29 اکٹوبر بروز منگل تلنگانہ مسلم بند منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنگاریڈی میں بھی بند منانے کی اپیل کی جاتی ہے۔ 29 اکٹوبر کو سنگاریڈی کے مسلم تاجرین اور دوکاندار اپنا کاروبار اور دکانیں بند رکھیں۔ یہ صرف مسلم بند ہے۔ مسلم دکاندار بند میں رضاکارانہ طور پر حصہ لیں۔ بند کے دن کوئی ریالی، جلوس یا جلسہ کا اہتمام نہیں ہوگا اور نہ ہی میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔ بند ایک پرامن احتجاج اور ہمارے جذبات کا مظہر ہوگا۔