ملنا ساگر پراجکٹ کے متاثرین کو ہائی کورٹ سے راحت

   

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ملنا ساگر پراجکٹ کے متاثرین کو بیدخل کرنے کے خلاف احکامات جاری کئے ہیں۔ عدالت نے سدی پیٹ ضلع کے دو مواضعات میں اراضی کے حصول کے لئے گاؤں والوں کو بیدخل کرنے کی کارروائی پر روک لگادی ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے 35 سے زائد متاثرین کی درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے اپیل کی کہ انہیں معاوضہ کی مکمل ادائیگی کے بعد ہی بیدخل کیا جائے اور وہ اراضی حوالے کرنے کیلئے تیار ہیں۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ حکام نے انہیں اراضی کے حصول کے بارے میں نوٹس جاری کی ہے۔ 50 دیگر متاثرین نے حکومت کی جانب سے بازآبادکاری پیکیج کے اعلان میں تاخیر کو چیلنج کیا ہے ۔ ملنا ساگر ذخیرہ آب جو کالیشورم پراجکٹ کا حصہ ہے ، تعمیر کیلئے کئی مواضعات میں اراضی حاصل کی جارہی ہے ۔ عدالت نے اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 6 ستمبر کو مقرر کرتے ہوئے حکومت سے معاوضہ کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہے۔