ملند دیورا و جیوتر آدتیہ سندھیا کانگریس عہدوں سے مستعفی

,

   

شکست کیلئے میں بھی ذمہ دار ہوں : سندھیا ۔قومی سطح پر سرگرم رول ادا کرنے کی خواہش : دیورا
نئی دہلی 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس میں تنظیمی اتھل پتھل ایسا لگتا ہے کہ رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔ پارٹی صدارت سے راہول گاندھی کے استعفے کے بعد بھی کئی قائدین کے استعفوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ آج ممبئی کانگریس کے صدر ملند دیورا نے اپنے عہدہ سے استعفی پیش کردیا تھا جس کے کچھ ہی دیر بعد ایک اور سینئر لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا نے بھی پارٹی جنرل سکریٹری کے عہدہ سے استعفی پیش کردیا ہے ۔ مرلی دیورا نے ممبئی کانگریس صدر کے عہدہ سے اپنے استعفی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ قومی سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے کوئی ذمہ داری نبھانا چاہتے ہیں۔ مرلی دیورا نے ان سے رابطہ کئے جانے پر کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد سے سیاسی حقائق تبدیل ہوگئے ہیں۔ ہمیں وقت کی ضرورت کے مطابق اپنے رول کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ مرلیدیورا نے کہا کہ وہ ممبئی کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہو رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے قومی سطح پر کوئی رول ادا کریں۔ دیورا نے 26 جون کو ہی راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد اپنے استعفی کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ انہیں جاریہ سال کے اوائل میں لوک سبھا انتخابات سے قبل ممبئی کانگریس کا صدر مقرر کیا گیا تھا ۔ اس کے فوری بعد جیوتر آدتیہ سندھیا نے بھی کانگریس جنرل سکریٹری کے عہدہ سے استعفی پیش کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے احتساب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس جنرل سکریٹری کی حیثیت سے اپنا استعفی راہول گاندھی کو پیش کردیا ہے ۔