ملند دیورا کانگریس سے مستعفی، ایکناتھ شنڈے گروپ میں شامل

   

مہاراشٹرا میں کانگریس کو جھٹکہ،سیٹ شیئرنگ مسئلہ پارٹی چھورنے کی وجہ

ممبئی : مہاراشٹرا میں کانگریس کو آج اس وقت بڑا جھٹکہ لگا ہے جب پارٹی کے سینئر لیڈر ملند دیورا نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ملند دیورا آج ہی ایکناتھ شنڈے کیمپ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دیورا آج دوپہر 2 بجے وزیر اعلی کے ورشا بنگلہ پہنچے اور وزیراعلی شنڈے کی قیادت والی شیوسینا میں شامل ہوں گے۔اس موقع پر شنڈے گروپ کے ائی اہم قائدین بھی موجود تھے۔دیورا نے خود اتوار کی صبح یہ جانکاری دی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ آج میرے سیاسی سفر کا ایک اہم باب ختم ہو گیا ہے۔ میں نے کانگریس کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارٹی سے میرے خاندان کا 55 سالہ رشتہ ختم ہوگیا ہے۔ میں سبھی رہنماؤں، ساتھیوں اور کارکنوں کا گزشتہ برسوں میں ان کی غیر متزلزل حمایت کیلئے شکر گزار ہوں۔ملند دیورا مہاراشٹر اکے آنجہانی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر مرلی دیورا کے بیٹے ہیں۔ ملند جنوبی ممبئی پارلیمانی سیٹ سے ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔ اس بار دیورا کا یہ اقدام ان قیاس آرائیوں کے درمیان آیا ہے کہ یہ سیٹ I.N.D.I.A کی اتحادی شیوسینا (اْدھو ٹھاکرے گروپ) کو دی جائے گی۔ایسی قیاس آرائی ہے کہ وہ شیوسینا کے ایکناتھ شنڈے گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ حالانکہ ملند دیورا نے ان قیاس آرائیوں کو ‘افواہ’ قرار دیا تھا۔ تاہم دیورا نے ہفتہ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔