لیڈز۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی فاسٹ بولر لاستھ ملنگا ورلڈکپ کے سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ میچ میں بہترین کارکردگی کے باوجود مذاق کا نشانہ بن گئے۔ انگلینڈ سے مقابلے میں سری لنکا کے تجربہ کاربولر ملنگا نے جہاں بہترین بولنگ سے شائقین کے دل جیت لیے وہیں بڑھے ہوئے پیٹ کے باعث سوشل میڈیا صارفین ان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ انگلینڈ کے شہر لیڈز کے ہیڈنگلے گراونڈ میں بہترین کھیل پیش کرنے کے بعد ملنگا جب پویلین لوٹے تو کیمرے نے اْنہیں شرٹ کے بغیر چلتے پھرتے دکھایا جس میں اْن کا پیٹ واضح طور پر بہت بڑا دیکھا گیا۔ ملنگا کافی ان فٹ نظرآرہے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ملنگا کی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور صارفین نے اْن کے موٹاپے پر تبصروں اور لطیفوں کی بھر مار کردی۔کسی صارف نے اْنہیں بھاری خاتون قرار دے دیا،تو کسی نے لکھا، لگتا ہے کہ سرفراز احمد ملنگا کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں۔ایک صارف نے ملنگا کی 4 وکٹیں لینے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب کھیل میں فٹنس کا کوئی عمل دخل نہیں رہا۔ ایک کرکٹ کے متوالے نے لکھا کہ آپ کو اگر کھیلنا آتا ہو تو آپ بڑھے ہوئے پیٹ کے ساتھ بھی بہترین کھیلتے ہیں۔ ایک صارف نے تو پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور ملنگا کا موازنہ کرواتے ہوئے پوچھا کہ کس کا پیٹ زیادہ بڑا ہے ؟ واضح رہے کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ٹیم سری لنکا نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ٹیم انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے میں 20رنز سے شکست دیتے ہوئے 5 واں مقام حاصل کرلیا ہے ۔