ملنگا سری لنکائی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے لئے تیار

   

کولمبو ۔13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی ٹی 20 ٹیم کے کپتان لستھ ملنگا نے کہا کہ وہ ہندوستان کے خلاف 2-0 سے شکست کے بعد ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔ ہندوستان سے واپسی کے بعد 36 سالہ ملنگا نے میڈیا سے کہا ہے کہ سری لنکائی ٹیم میں 20 اوورس کے میچ میں موثر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکائی بولرس مخالف ٹیم کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ، جبکہ بیٹسمینس مقابلہ کے لئے 170 رنز بنانے میں ناکام رہے۔ ملنگا نے کہا کہ ہمارے پاس یہ صلاحیت نہیں ہے۔ درجہ بندی میں نمبر9 کی ٹیم سے اس کی توقع کرنا بھی غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ ہندوستان اورسری لنکا کے درمیان گوہاٹی میں کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے جہاں دوسرا میچ سات وکٹوں سے اپنے نام کیا تو وہیں تیسرے میچ میں اس نے سری لنکا کو 78 رنوں سے کراری شکست دی۔ کپتان ملنگا ہندوستان کے خلاف اس سیریز میں ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے۔ تقریبا ایک سال قبل دوبارہ کپتان بننے والے اس تجربہ کار کھلاڑی نے کہا کہ وہ ہر وقت کپتانی سے سبکدوش ہونے کے لئے تیار ہیں۔ سری لنکا نے ملنگا کی کپتانی میں 2014 کا ٹی 20 ورلڈ کپ خطاب جیتا تھا۔ وہ 2016 تک ٹیم کے کپتان تھے۔ وہ دسمبر 2018 میں ایک مرتبہ پھر ٹیم کے کپتان بنے۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور سری لنکا دونوں ہی ٹیموں نے اپنے نئے سال کا آغاز ٹی 20 سیریز سے کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔