پالی کیلے ۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے فاسٹ بولر لستھ ملنگا نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کرکے ٹوئنٹی20 کی تاریخ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بن گئے جبکہ انہوں نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔پالی کیلے میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 125 رنز بنائے۔سری لنکا کے گوناتھیلاکا 30، ڈیکویلا 24 اور مادوشانکا 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو دیکھتے ہوئے 126 رنز کا ہدف معمولی لگ رہا تھا لیکن ملنگا کی تباہ کن بولنگ کے سامنے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی مہمان ٹیم صرف 88 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے 8 بیٹسمینس دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرپائے۔ ٹم ساودھی 28 رنز بنا کر نمایاں رہے، سینٹنر نے 16 اور کولن منرو نے 12 رنز بنائے۔ ملنگا نے اپنے 4 اوورز میں صرف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرکے نہ صرف ٹیم کو میچ میں کامیابی دلائی بلکہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ ملنگا نے 5 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کے شاہد آفریدی کے سب سے زیادہ 97 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ میں دوسری مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی پایا۔شاہد آفریدی نے 99 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 97 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ملنگا صرف 76 میچوں میں 100 وکٹوں کا ہدف عبور کرلیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے دوسری مرتبہ 4 گیندوں میں 4 وکٹیں حاصل کی۔ خیال رہے کہ ملنگا نے حال ہی میں ونڈے کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے جبکہ ٹسٹ سے وہ پہلے ہی کنارہ کش ہوچکے ہیں۔ملنگا نے 30 ٹسٹ میچوں میں 101 اور 226 ونڈے میچوں میں 338 وکٹیں حاصل کیں۔