ملنگا کریر کی آخری گیند پر وکٹ لینے میں کامیاب،سری لنکا فاتح

   

کولمبو۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) کوشل پریرا اور لستھ ملنگا کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پہلے ونڈے میچ میں91 رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ملنگا کا کیریئر شاندار انداز میں اختتام کو پہنچا۔ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 10 کے مجموعی اسکور پر آوشکا فرنینڈو پویلین لوٹ گئے۔ابتدائی وکٹ جلد گرنے کے بعد کوشل پریرا اورکپتان دمتھ کرونارتنے نے ٹیم کو سنبھالا اور دوسری وکٹ کے لئے 97 رنزکی شراکت قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب کرونارتنے 36رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔دوسرے سرے سے کوشل پریرا نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کوشل مینڈس کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے مزید 100رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ اپنی سنچری بھی مکمل کی، وہ 111 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد سومیا سرکار کی وکٹ بنے جبکہ اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے مینڈسن کی بھی 43رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ 212 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد اینجلو میتھیوز نے60 رنز جوڑکر اپنی ٹیم کی بڑے اسکور تک رسائی کو یقینی بنایا، میتھیوز 48 اور تھری مانے 25رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 314رنز بنائے، بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ مستفیض الرحمان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی اوور میں اس وقت دھکا لگا جب اننگز کی پانچویں گیند پر ملنگا نے کپتان تمیم اقبال کو باؤلڈکیا۔محمد متھن، سومیا سرکار اور محموداللہ بھی کچھ خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے جس کے سبب بنگلہ دیشی ٹیم صرف 39 رنز پر 4 بیٹسمینوں کی خدمات سے محروم ہو گئی۔اس کے بعد بنگلہ دیش کی تمام تر امیدیں مشفیق سے وابستہ تھیں لیکن دوسرے سرے سے گرنے والی وکٹوں کے سبب وہ 67 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 56گیندوں قبل ہی 223 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ ملنگا کیریئر کے آخری ونڈے میچ کو یادگار بنانے میں کامیاب رہے اور تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوان پرادیپ نے بھی تین اور ڈی سلوا نے دو وکٹیں لیں۔ملنگا نے اپنے بین الاقوامی کرئیر کی آخری گیند پر وکٹ حاصل کی۔کوشل پریرا کو شاندار سنچری پر مین آف دی میچ قراردیا۔