کمپنی کی رکنیت کیلئے رقم بٹورنے کا شاخسانہ، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ملٹی لیول مارکٹنگ کی ایک اور کمپنی کو بے نقاب کردیا اور اس کمپنی سرفا SERFA مارکٹنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر بی سرینواس ریڈی کو گرفتار کرلیا۔ حالیہ دنوں پیش آئے بڑے اسکام کے بعد ملٹی لیول مارکٹنگ کی دھوکہ دہی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ گرفتار سرینواس ریڈی بھی کیونٹ کے متاثرین میں شامل ہے جس کو Qnet کے ذریعہ 123 لاکھ روپئے کا نقصان ہوا۔ اس نے کیونٹ کمپنی میں سرمایہ لگایا تھا۔ نقصان کے بعد اس نے سال 2018ء میں وشاکھاپٹنم میں کمپنی قائم کی اور ملٹی لیول مارکٹنگ کا کاروبار شروع کیا۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی اس کمپنی میں ممبر بننے کیلئے خواہشمند امیدوار کو 12 ہزار روپئے ادا کرنے پڑتے ہیں جس کے بعد دو افراد کو شامل کرنا پڑتا ہے جس کے ذریعہ سے دو ہزار روپئے امیدوار کو دیئے جاتے ہیں اور اس کے بعد خریداری پر 10 فیصد راست فائدہ کی پیشکش کی جاتی ہے۔ پولیس اس کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر کو گرفتار کرلیا اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی کسی بھی اسکیم کے لالچ کا شکار نہ ہوں۔ پولیس سائبرآباد مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔