جنگاؤں ۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و جماعت اسلامی ہند جنگاؤں کی جانب سے عید ملاپ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت خالد سعید ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند جنگاؤں نے کی ۔ اس عید ملاپ تقریب میں بلا لحاظ مذہب و ملت افراد اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کرنل ڈاکٹر ایم بکشپتی، جی لکشمیا صدر ٹی پی ٹی ایف، ڈی سرینواس، بدری ایڈوکیٹ، جنگاؤں ٹاؤن ٹی آر ایس صدر سریش ریڈی نے کہا کہ عید و تہوار ملنساری محبت بھائی چارگی کو فروغ دیتے ہیں یہ ملک جس میں ہم زندگی گذار رہے ہیں۔ بڑا ہی خوبصورت حسین گنگا جمنی تہذیب والا ہے۔ مذاہب جو دراصل ایک پہچان کے طور پر ہے مگر اس میں اولین حیثیت اخلاق و کردار کی ہے۔ جناب صادق احمد سکریٹری تحفظ امت جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے کہا کہ اس ملک میں تمام اقوام کئی ہزار برس سے بھائی بھائی کی طرح زندگی گذار رہے ہیں جن کے ہاں ذات پات، بھید بھاؤ نہیں ہے۔ نصر اللہ خاں جرنلسٹ حیدرآباد نے جنگاؤں شہر میں ہونے والی دینی تعلیمی سماجی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عید ملاپ تقاریب دراصل گنگا جمنی تہذیب کی ایک پہنچان ہے۔ جناب خالد سعید ناظم ضلع جنگاؤں جماعت اسلامی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذاہب کو سمجھیں اور انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک جو گلدستہ کی طرح ہے، اس کو اتحاد کے ذریعہ ہی طاقتور بنایا جاسکتا ہے۔ جناب جمال شریف ایڈوکیٹ نے تمام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جنگاؤں میں یہ عید ملاپ تقریب پہلی مرتبہ منائی جارہی ہے۔ یہ ملک جو سیکولر بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے یہاں ہر ایک کو رہنے اور جینے کا حق ہے۔ ڈاکٹر ایم بکشپتی، بدری ایڈوکیٹ نے اعلان کیا کہ عنقریب جنگاؤں مستقر پر مسلمانوں کے لئے فری ہیلت کیمپ منعقدکیا جائے گا۔ اس عید ملاپ پروگرام میں فضل الرحمن پاشاہ، لطیف شریف، اقبال، محمد عارف، افضل، عماد، فیصل جرنلسٹ، محمد اعجاز، ناہد، دستگیر، عقیل احمد، انکشاولی، ارشد الرحمن، رفیع، حنیف، ریاض، سالم، حنیف اور دیگر موجود تھے۔ محمد عبدالمنان رضی، سلمان، رفیع نے انتظامات میں حصہ لیا۔ گرمی کی شدت کے باوجود اس عید ملاپ تقریب میں ہندو۔ مسلم اتحاد کا ایک اعلیٰ نمونہ دیکھا گیا۔ حافظ ریاض الرحمن نے قرأت کلام پاک پیش کی۔ محمد عارف، محمد عماد نے نعت شریف پیش کی۔