ملکاارجن ہوسکتے ہیں انڈیا اتحاد کا پی ایم چہرہ : سونیا گاندھی

   

نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات 2024 سے پہلے انڈیا اتحاد میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کیلئے تنازعات اور پیچیدگیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اتحادیوں کے درمیان واضح طور پراپنے لیڈروں کو وزیراعظم کا امیدوار بنانے کا مقابلہ ہے ۔ کافی دنوں سے سیاسی حلقوں میں یہ بات چل رہی تھی کہ انڈیا الائنس لوک سبھا الیکشن 2024 نتیش کمار یا راہول گاندھی کی قیادت میں لڑسکتا ہے ۔ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کا نام وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔ تاہم اس بات میں کافی شک ہے کہ باقی ہندوستان نتیش کمار کو وزیراعظم کے چہرے کے طور پر قبول کرنے پر راضی ہوجائے گا ۔ وہیں سونیا گاندھی نے اشارہ دیا ہے کہ انڈیا الائنس کے وزیراعظم کے امیدوار کانگریس صدر ملکاارجن کھرگے ہوسکتے ہیں ۔ سونیا گاندھی سمیت اپوزیشن کے سرکردہ لیڈروں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ملکاارجن کھرگے کو بڑا رول دینے کا اشارہ دیا ہے ۔ سونیا گاندھی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی قیادت کرنے کیلئے کھرگے کی باضابطہ طور پر تائید کی ہے ۔ سونیا گاندھی نے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی قائدین اس سے اتفاق کریں گے ۔ کچھ دن پہلے سونیا گاندھی نے کہا تھا کہ کھرگے اس تاریخی لڑائی میں کانگریس کی قیادت کرنے کیلئے بہترین ہیں ۔