ملکاجگری میں جسم فروشی کا ریاکٹ بے نقاب

   

آرگنائزر بیوی اور چار گراہک گرفتار ، شوہر فرار ، ایس او ٹی کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /11 اکٹوبر (سیاست نیوز) رہائشی علاقہ میں چلائے جارہے جسم فروشی کے ایک ریاکٹ کو ملکاجگری ایس او ٹی نے بے نقاب کردیا ۔ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی ملکر جسم فروشی کا ریاکٹ چلارہے تھے ۔ گزشتہ چند ماہ سے نریڈمیڈ پولیس اسٹیشن حدود کے ایک رہائشی علاقہ میں یہ کاروبار جاری تھا ۔ خفیہ اطلاع پر ایس او ٹی نے آپریشن کرتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور آرگنائزر رضیاء خاتون کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا شوہر اصل سرغنہ سراج الدین مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے خاتون آرگنائزر کے ساتھ 4 گاہکوں کو گرفتار کرلیا جبکہ 4 لڑکیوں کو جسم فروشی کے چنگل سے آزاد کروالیا ۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ رضیاء بیگم اور اس کا شوہر 53 سالہ سراج الدین مغربی بنگال سے تعلق رکھتے ہیں اور اس جوڑے نے منصوبہ بند طریقہ سے نریڈمیڈ کے علاقہ میں ایک مکان کرایہ پر لیا اور ملک کے مختلف مقامات سے جسم فروش لڑکیوں او دلالوں سے رابطہ قائم کیا ۔ مغربی بنگال سے چار لڑکیوں کو طلب کیا اور انہیں بھاری رقم دینے کا لالچ دے کر ان سے جسم فروشی کروائی جارہی تھی ۔ ان لڑکیوں کی پرکشش تصاویر کو روانہ کرتے ہوئے گاہکوں کو راغب کیا جارہا تھا اور فی کس 4 تا 5 ہزار روپئے حاصل کئے جاتے تھے ۔ پولیس نے دھاوے کے دوران 6,580/- روپئے نقد رقم 4 موبائیل فون و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا اور 38 سالہ شریف ساکن آدیتـہ نگر حفیظ پیٹ ، 24 سالہ وی بالراج ساکن ماریڈپلی ، 32 سالہ سریر ساکن رسول پورہ اور 33 سالہ شیخ شریف ساکن ماریڈپلی کو گرفتار کرلیا ۔