حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) ملکاجگری علاقہ میں حجام کو کرونا وائرس مثبت ہونے کے بعد عوام میں خوف و ہراس پیدا ہورہاہے ۔ ملکا جگری میں ایک زلف تراش کی دکان کے ملازم کو کورونا وائرس کی تصدیق اور صحت کی خرابی کے ساتھ 4دن خدمات کی انجام دہی نے عوام میں خوف پیدا کردیا ہے اور شہر میں موجود سلون میں بال کٹوانے اور داڑھی بنوانے والو ںمیں ایک مرتبہ پھر سے خوف پیدا ہونے لگا ہے۔ نائی برہمن سیوا سماج کا کہناہے کہ شہر کی دکانات میں تمام طرح کے احتیاط کئے جارہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام گاہکوں کیلئے علحدہ اوزار استعمال کئے جائیں اور جن اوزار کا مسلسل استعمال ہوتا ہے ان کو ڈیٹال سے صاف کیا جا رہاہے لیکن 48 سالہ زلف تراش کو کورونا وائرس پائے جانے کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسکے بعد شہر کے کئی اصلاح خانوں کے متعلق شکوک و شبہات کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ناسازیٔ صحت کے باوجود 4یوم کے دوران مذکورہ زلف تراش نے 50 سے زائد افراد کے بال بنائے اور داڑھی بنائی ہے۔