ملکاجگری میں ریونت ریڈی کے تلاش گمشدہ کے پوسٹرس

   

کانگریس نے پارلیمنٹ میں احتجاج کی تصویر جاری کی
حیدرآباد ۔28۔ جولائی (سیاست نیوز) ملکاجگری پارلیمانی حلقہ میں رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کے خلاف پوسٹرس چسپاں کرتے ہوئے مخالفین نے بارش کے نقصانات کے باوجود عوام کے درمیان موجود نہ رہنے کی شکایت کی ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ملکاجگری لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور وہ ان دنوں پارلیمنٹ کے اجلاس کے سلسلہ میں نئی دہلی میں مقیم ہیں۔ ملکاجگری کے بعض علاقوں میں ریونت ریڈی کی تصاویر کے ساتھ پوسٹرس چسپاں کئے گئے جس پر لکھا گیا کہ ملکاجگری ایم پی لاپتہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی بی آر ایس کیڈر نے یہ پوسٹرس چسپاں کئے لیکن اس پر کوئی نام تحریر نہیں کیا گیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارش کے نتیجہ میں ملکاجگری کے کئی علاقوں میں بھاری نقصانات ہوئے لیکن ریونت ریڈی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ نہیں کیا۔ پوسٹرس کے منظر عام پر آنے کے بعد ریونت ریڈی کے دفتر سے لوک سبھا کی تصویر جاری کی گئی جس میں ریونت ریڈی کو ایوان میں پلے کارڈ کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے دکھایا گیاہے۔ منی پور کے مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی سے بیان دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریونت ریڈی احتجاج کر رہے ہیں۔