ملکاجگیری اور رنگاریڈی اضلاع میں انفراسٹرکچر سہولتوں کی نشاندہی کی جائے

   

عہدیداروں سے چیف سکریٹری کی ٹیلی کانفرنس، دونوں اضلاع کی جامع ترقی کا منصوبہ

حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ میڑچل، ملکاجگیری اور رنگاریڈی ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق ضرورتوں پر تجاویز پیش کریں۔ دونوں اضلاع کے 29 میونسپلٹیز میں وسیع تر ترقیاتی پروگراموں کا حکومت نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کی زیر قیادت کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سومیش کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں دونوں اضلاع کے ترقیاتی منصوبہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی خاص طور پر پینے کے پانی کی سربراہی، ڈرینج ، سیوریج نالہ، جھیلوںکی ترقی، پارکس، برقی سربراہی، بستی دواخانہ، قبرستانوں کیلئے اراضی کی فراہمی، ویجٹیرین اور نان ویجٹیرین مارکٹس کے قیام کے علاوہ دیگر بنیادی ضرورتوں کو ترقیاتی منصوبہ کا حصہ بنایا جائے۔ چیف سکریٹری نے انفراسٹچرکچر اور بلڈنگس کا جائزہ لیا تاکہ انٹگریٹیڈ ڈیولپمنٹ پلان کے تحت بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام اور پولیس عملہ کی تعداد میں اضافہ پر رپورٹ پیش کریں۔ دونوں اضلاع کے ترقیاتی منصوبہ پر چیف منسٹر نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف سکریٹری نے کہاکہ تفصیلات کی تیاری کے بعد چیف منسٹر متعلقہ وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ کے علاوہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دیں گے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں نوڈل ایجنسی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ متعلقہ وزراء اور عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے دونوں اضلاع کی ضرورتوں کا جائزہ لیں۔