ملکاجگیری میں سہ رکنی سارقین کی ٹولی گرفتار

   

Ferty9 Clinic

مسروقہ زیوارات ضبط ، ڈی سی پی اور اڈیشنل ڈی سی پی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /10 جولائی ( سیاست نیوز ) ملکاجگیری سی سی ایس ٹیم نے عادی سارقین کی تین رکنی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ٹولی پہلے بستی محلوں میں گشت کرتی تھی اور پھر رات دیر گئے سرقہ کی واردات انجام دیا کرتی تھی ۔ پولیس نے دو افراد 30 سالہ سریدھر ساکن کتہ پیٹ اور 21 سالہ شرتھ ساکن بنگلور کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 18.3 کیلو طلائی زیورات اور 2 کیلو چاندی کے علاوہ دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ جن کی کل مالیت 7,32,000 روپئے ضبط کرلئے جبکہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ 36 سالہ بی ڈی آر گنیش مفرور بتایا گیا ہے ۔ ڈی سی پی ملکاجگیری زون مسٹر نارائن ریڈی اور ایڈیشنل ڈی سی پی کرائم شیخ سلیمہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد کو پیش کیا اور بتایا کہ گرفتار ارکان 7معاملت میں ملوث تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ گھٹکیسر پولیس حدود میں 3 میڑپلی میں 2 بھونگیر اور ریاست آندھراپردیش کے الیوری میں ایک ایک وارداتیں انجام دی تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ سریدھر کل 33 مقدمات میں ملوث ہے جو 4 مرتبہ جیل کی سزا کاٹ چکا ہے ۔ سال 2012 میں سرور نگر پولیس نے 9 مقدمات کی یکسوئی کرتے ہوئے سریدھر کو جیل منتقل کیا تھا جبکہ ایل بی نگر پولیس نے 6 مقدمات کے تحت سال 2015 میں اور بالانگر پولیس نے 2 مقدمات کے تحت سال 2017 میں جبکہ گھٹکیسر پولیس نے سال 2018 میں جیل منتقل کیا تھا ۔ ٹولی کا اصل سرغنہ گنیش بستی اور محلوں میں گھوم کر مکانات کی نشاندہی کرتا تھا ۔ ایسے مکانات پر نظر رکھی جاتی تھی جہاں رات کے وقت کوئی دستیاب نہیں رہتا یا پھر مکانات کو تالہ لگاہوا ہوتا تھا ۔ پولیس کو مفرور اصل سرغنہ گنیش کی تلاش ہے جو ضلع چتور ریاست آندھراپردیش کا ساکن ہے پولیس مفرور کی تلاش میں مصروف تحقیقات ہے ۔