ملکاجگیری میں شوہر کے حملہ میں زخمی بیوی کی موت

   

حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) ملکاجگیری علاقہ میں ایک شخص نے بیوی کا قتل کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔ میاں بیوی اور ان کی کمسن بچی مسافر تھے جو راجستھان سے حیدرآباد پہنچے۔ شہر میں ان کا کوئی رشتہ دار نہیں ہے اور یہ لوگ روزگار کی تلاش میں آئے تھے ۔ ریلوے اسٹیشن کے قریب کوارٹرس میں 38 سالہ سونی کا اس کے شوہر وکرم نے قتل کردیا اور ایک سالہ بچی کو چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ پو لیس ذرائع کے مطابق وکرم اس کی بیوی سونی اور بچی کے ساتھ 17 نومبر کو دن مولا علی ریلوے اسٹیشن پہنچی ان کا کوئی سہارا و مددگار نہیں تھا ۔ ایک سالہ کمسن بچی اور پریشان حال میاں بیوی کو دیکھ کر ریلوے میں کام کرنے والے ایک شخص نے انہیں کوارٹرس میں رہنے کا انتظام کیا ۔ پولیس کے مطابق وکرم کو کوارٹرس میں رہنا پسند نہیں تھا اور وہ یہاں سے کسی اور مقام پر جانے کی خواہش کر رہا تھا ۔ اس بات پر میاں بیوی میں بحث و تکرار ہوئی اور وکرم نے لاٹھی سے اس کی بیوی سونی پر حملہ کرتے ہوئے اسے شدید زخمی کردیا، علاج کے دوران سونی 19 نومبر کو فوت ہوگئی ۔ پولیس ملکاجگیری مصروف تحقیقات ہے ۔ ع