40 فیصد کمیشن والی حکومت کو بیدخل کرنے کی اپیل، 150 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی
حیدرآباد۔/3 مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے ہمراہ آج دوسرے دن کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ الند اور چنچولی میں عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کرناٹک میں بدعنوان بی جے پی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے کانگریس کی فلاحی حکومت کو برسراقتدار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت 40 فیصد کمیشن کے تحت کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ کو کرناٹک انتخابی مہم پر اس قدر توجہ دینے کی کیا ضرورت ہے۔ اگر بی جے پی نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا تو پھر اس قدر مہم کی ضرورت نہیں۔ ملکارجن کھرگے کرناٹک کے فرزند ہیں اور انہیں گذشتہ عام انتخابات میں ایک سازش کے تحت شکست دی گئی لیکن کانگریس پارٹی نے انہیں قومی صدر کے عہدہ پر فائز کرتے ہوئے اعزاز بخشا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کھرگے کی قیادت میں کرناٹک میں کانگریس برسراقتدار آئے گی اور 150 نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بھی کانگریس پارٹی برسراقتدار آئے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ کی مہم سے عوام متاثر نہیں ہوں گے۔ کرناٹک کے عوام نے بدعنوان حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور پر عوام کو بھروسہ ہے۔ر