ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ کی اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کی ستائش کی

   

فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ مثالی، وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی نے صدر کانگریس کو تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد 7 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر کامیاب عمل آوری کے لئے وزیر امکنہ سرینواس ریڈی کی ستائش کی۔ پی سرینواس ریڈی نے بنگلور میں صدر کانگریس سے ملاقات کی اور اُن کی مزاج پرسی کی۔ اِس موقع پر صدر کانگریس نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت مکان کی تعمیر کے لئے 3 مراحل میں 5 لاکھ روپئے کی اجرائی کے فیصلہ کی ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکیم پر شفافیت کے ساتھ عمل کیا جائے تاکہ کوئی بھی مستحق محروم نہ کریں ۔ سرینواس ریڈی نے گزشتہ 20 ماہ کے دوران اندراماں ہاؤزنگ کے تحت الاٹ کردہ مکانات اور جاری کردہ رقم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ کانگریس حکومت نے نئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ ہر اسکیم کے تحت لاکھوں استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا گیا۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اندراماں ہاؤزنگ جیسی اسکیم نہیں ہے جس کے تحت 5 لاکھ روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں غریبوں کے لئے ہاؤزنگ اسکیمات کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ سرینواس ریڈی نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات کو منظوری دی گئی اور جملہ 4.50 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ ہاؤزنگ اسکیم پر 22500 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اسکیم کے تحت 2 لاکھ استفادہ کنندگان کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور مکانات کی تعمیر مختلف مراحل میں ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ ماہ کئی مکانات کا افتتاح انجام دیا۔ ملکارجن کھرگے نے اندراماں ہاؤزنگ کی طرح دیگر اسکیمات پر بھی مؤثر عمل آوری کی ہدایت دی۔1