چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے آج لکڑی کا پل چوراہے پر سابق چیف منسٹر متحدہ آندھراپردیش آنجہانی کے روشیا کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، جوپلی کرشنا راؤ ، سریدھر بابو، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ آنجہانی کے روشیا کے افراد خاندان اور قریبی سیاسی قائدین نے ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے مجسمہ کی تنصیب پر اظہار تشکر کیا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے یہ مجسمہ تیار کیا گیا جو 9 فٹ بلند اور 450 کیلو وزنی ہے۔ کانسہ کا یہ مجسمہ آنجہانی چیف منسٹر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نصب کیا گیا ۔ روشیا کی یوم پیدائش کے موقع پر مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی گئی۔ متحدہ آندھراپردیش میں کے روشیا 16 مرتبہ وزیر فینانس کے طور پر اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی حادثہ میں موت کے بعد انہیں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھا ۔ روشیا تلنگانہ اور متحدہ آندھراپردیش میں یکساں مقبولیت کے حامل تھے۔ ان کے قریبی ساتھی ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ اور آندھراپردیش کے کئی قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور مجسمہ کی تنصیب پر اظہار تشکر کیا۔صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے گاندھی بھون میں روشیا کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔1