ملکارجن کھرگے کی کل آمد، ایل بی اسٹیڈیم میں خطاب

   

25 ہزار کارکنوں کی شرکت متوقع، اعلیٰ قائدین نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے 4 جولائی کو دورہ حیدرآباد کے موقع پر لال بہادر اسٹیڈیم میں جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، سریدھر بابو ، سرینواس ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ لال بہادر اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ 4 جولائی سہ پہر ملکارجن کھرگے کانگریس پارٹی کے دیہی سطح سے ریاستی سطح تک کے قائدین سے خطاب کریں گے۔ ریاست بھر سے 25,000 کارکنوں اور قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ میناکشی نٹراجن نے بارش کے امکانات کے پیش نظر واٹر پروف شیڈ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جئے باپو جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کے طور پر جلسہ عام منعقد ہوگا۔ ملکارجن کھرگے کانگریس حکومت کے دیڑھ سال کی تکمیل کے بعد حیدرآباد کا دورہ کر رہے ہیں۔ گاندھی بھون میں پولیٹیکل افیرس کمیٹی اور پردیش کانگریس کی عاملہ کے توسیعی اجلاس سے بھی وہ خطاب کریں گے۔ پارٹی نے گرام پنچایت، منڈل اور ضلع سطح کے قائدین کو جلسہ عام میں کارکنوں کی شرکت کی ذمہ داری دی ہے۔ پارلیمانی حلقہ جات اور ضلع واری سطح پر وزراء کی نگرانی میں اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے میناکشی نٹراجن کو اسٹیڈیم کے انتظامات سے واقف کرایا ۔1
اسٹیج کی تنصیب، وی آئی پی انٹری پوائنٹ اور کارکنوں کیلئے نشستوں کے انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ پولیس عہدیداروں نے اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک میں رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے اقدامات سے واقف کرایا۔ میناکشی نٹراجن نے بتایا کہ سہ پہر 3 بجے جلسہ عام کا آغاز ہوگا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ریاستی وزراء ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل ، ضلع صدور اور پنچایت سطح کے صدور اور کارکن شرکت کریں گے۔ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل دیہی سطح تک کارکنوں کو متحرک کرنے میں یہ پروگرام مددگار ثابت ہوگا۔1