ملکارجن کھرگے کی 4 جولائی کو حیدرآباد آمد، لال بہادر اسٹیڈیم میں جلسہ عام

   

گاندھی بھون میں پولیٹیکل افیئرس کمیٹی اور عاملہ کا اجلاس، مہیش کمار گوڑ اور پونم پربھاکر کی گریٹر حیدرآباد قائدین سے مشاورت
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی 4 جولائی کو حیدرآباد آمد کے سلسلہ میں انتظامات کو قطعیت دینے کے لئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور کونسل، ضلع کانگریس صدور، اسمبلی حلقہ جات کے شکست خوردہ امیدواروں اور سینئر قائدین کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، ارکان قانون ساز کونسل عامر علی خان، بی وینکٹ، سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو، محمد اظہر الدین، رکن اسمبلی بی ناگیندر، محمد فیروز خاں، وجیہ ریڈی، ڈاکٹر روہن ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ملکارجن کھرگے کی آمد کے موقع پر 4 جولائی کو لال بہادر اسٹیڈیم میں پارٹی کارکنوں اور دیہاتوں کی سطح کے پارٹی صدور کا اجلاس منعقد ہوگا۔ جئے باپو، جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کے تحت یہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے ضلع اور بلاک سطح کے صدور شرکت کریں گے۔ اجلاس کی کامیابی کے سلسلہ میں قائدین کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ 4 جولائی کو پولیٹکل افیئرس کمیٹی اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوگا جس میں ملکارجن کھرگے اور انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن شرکت کریں گے۔ حکومت کے دیڑھ سال کی تکمیل کے موقع پر یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے جس میں حکومت کی کارکردگی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کی عاملہ کا توسیعی اجلاس منعقد ہوگا جس سے ملکارجن کھرگے خطاب کریں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ لال بہادر اسٹیڈیم کے اجلاس میں 15 ہزار سے زائد پارٹی کارکن شرکت کریں گے۔ ملکارجن کھرگے کے دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں سینئر قائدین کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں تاکہ پروگرام کامیاب رہے۔ گریٹر حیدرآباد کے قائدین کو ہدایت دی گئی کہ تمام اسمبلی حلقہ جات سے بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ ملکارجن کھرگے ریاست کے تنظیمی دورہ پر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا انہیں حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرائیں گے۔ 1