ملکارجن کھرگے کے ساتھ لاتور میں اتم کمار ریڈی کی انتخابی مہم

   

جلسہ عام سے خطاب، 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ
حیدرآباد ۔13۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے آج مہاراشٹرا کے لاتور میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے ہمراہ کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اتم کمار ریڈی کو مہاراشٹرا کی انتخابی مہم کیلئے سینئر آبزرور کے طورپر مقرر کیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے ملکارجن کھرگے کے جلسہ عام کے انتظامات کی نگرانی کی۔ صدر کانگریس کے علاوہ دیگر سینئر قائدین نے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اتم کمار ریڈی گزشتہ چند دنوں سے لاتور ، ناندیڑ اور دیگر علاقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس اور اس کی حلیف پارٹیوں کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ ملکارجن کھرگے اور اتم کمار ریڈی نے بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے وعدہ کیا کہ کانگریس زیر قیادت اتحاد برسر اقتدار آنے پر عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ ملکارجن کھرگے نے کہا کہ مہاراشٹرا کی ہمہ جہتی ترقی کانگریس کے ایجنڈہ میں اولین ترجیح رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیاں عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ خطوط پر انتخابی مہم کے ذریعہ بی جے پی سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مہاراشٹرا کے رائے دہندوں سے کانگریس اور اس کی حلیف پارٹیوں کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی طرح مہاراشٹرا میں فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مہاراشٹرا کی ترقی کو نظر انداز کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا اور کہا کہ مہاراشٹرا سے 17 بڑے صنعتی پراجکٹس گجرات کو منتقل کردیئے گئے ۔ مہا وکاس اکھاڑی نے لوک سبھا انتخابات میں 48 کے منجملہ 31 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور اسمبلی چناؤ میں 200 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مہاراشٹرا کیلئے 5 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے جن میں خواتین کو مفت سفر کی آرٹی سی میں سہولت ، ماہانہ 3000 روپئے کی امداد اور کسانوں کیلئے 3 لاکھ روپئے تک قرض معافی شامل ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرضہ جات معاف کئے گئے اور غریب خاندانوں کو 200 یونٹ برقی مفت سربراہ کی جارہی ہے۔ 500 روپئے میں گیس سلینڈر اسکیم سے 49 لاکھ خاندان استفادہ کر رہے ہیں۔ 1