ملکھا سنگھ کے 11 سالہ پوتے نے امریکہ میں لہرایا ترنگا

   

نئی دہلی : عالمی شہرت یافتہ اتھلیٹ ملکھا سنگھ کے 11 سالہ پوتے ہرجئے سنگھ نے بھی بیرون ملک ہندوستان کا نام روشن کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہرجئے نے امریکہ میں کچھ ایسا کارنامہ انجام دیا ہے کہ ترنگا بڑے فخر سے لہرایا گیا۔ دراصل ہرجئے نے یو ایس انڈر 13 گولف چمپئن شپ کا خطاب جیت لیا ہے۔ وہ یو ایس کڈس یوروپین گولف چمپئن شپ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ ملکھا سنگھ کے انتقال کے بعد ہرجئے کی یہ بہت بڑی جیت ہے۔ جون 2021 میں ہندوستان کے عظیم اتھلیٹ ملکھا سنگھ نے دنیا کو الوداع کہہ دیا تھا۔ انھیں بھی گولف میں دلچسپی تھی۔ ملکھا کے بیٹے جیو ملکھا ملک کے بڑے گولفرز میں سے ہیں۔ اب ملکھا کے پوتے ہرجئے بھی اسی راہ پر چل پڑے ہیں۔ 11 سالہ ہرجئے نے اپنا یہ خطاب دادا ملکھا سنگھ اور دادی نرمل سنگھ کو وقف کیا ہے۔ اس درمیان ہرجئے کی کامیابی پر اس کی ماں قدرت نے کہا کہ بیٹے کی جیت پر وہ بے انتہا خوش ہیں۔