لندن : برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے اپنی مصروفیات کے دوران جسم کی نقل و حرکت میں مسائل کی شکایت کی ہے۔اے ایف پی کے مطابق ونڈسر کاسل میں بحریہ کے دو سینیئر افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملکہ الزبتھ کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ حرکت میں دشواری کی شکایت کر رہی ہیں۔ملکہ الزبتھ نے افسران سے ملتے ہوئے کہا کہ ’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں ہل نہیں پا رہی۔ لندن کے مغرب میں واقع اپنی رہائش گاہ کے اوک روم میں افسران سے ملاقات کے دوران ملکہ الزبتھ اپنی بائیں ٹانگ یا پیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتا رہی تھیں کہ اس میں تکلیف ہے۔ملکہ برطانیہ کی تکلیف سے متعلق بکنگھم پیلیس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ویڈیو میں یہ ظاہر ہے کہ ملکہ کی طبعیت ناساز نہیں تھی نہ ہی انہیں کوئی چوٹ لگی تھی بلکہ جسم میں کھچاؤ محسوس کر رہی تھیں۔اس کے علاوہ ملکہ کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا کیونکہ ان کے بڑے صاحبزادے شہزادہ چارلس میں ان سے ملنے کے دو روز بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔اس کے بعد شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔بکنگھم پیلیس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ ملکہ نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا ہے کہ نہیں۔